ہسپتالوں میں سالانہ 248 ارب کا بجٹ فراہم کررہے ہیں، یاسمین راشد

ہسپتالوں میں سالانہ 248 ارب کا بجٹ فراہم کررہے ہیں، یاسمین راشد

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے پنجاب کے بڑے ہسپتالوں میں سالانہ 248 ارب روپے کا بجٹ فراہم کررہے ہیں۔ 42 ارب روپے کا بجٹ صرف ادویات کی خریداری پر خرچ ہوتا ہے۔ مریضوں کو ادویات نہ ملنے کی شکایات بدانتظامی ہے جسے دور کرنے کے لیے اقدامات کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے سینڈیکیٹ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صوبائی وزیر صحت نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 25 ہزار نئے بیڈز کا اضافہ کر چکے ہیں۔ نشتر ٹو اور مدر اینڈ چائلڈ ہیلتھ ہسپتال جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے حکومت کی بڑی کاوش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 85 لاکھ افراد کو ہیلتھ کارڈ جاری کر چکے ہیں۔ڈیرہ غازی خان اور ساہیوال ڈویڑن کے تمام اضلاع میں شناختی کارڈ کو ہی ہیلتھ کارڈ کا درجہ دے دیا گیا ہے۔نادرا کی طرف سے دو کروڑ سے زائد افراد کے نام ہیلتھ کارڈ کے اجراء کے لیے موصول ہوئے ہیں۔ آئندہ جنوری تک پنجاب کی اکثریت آبادی کو ہیلتھ کارڈ جاری ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کے نئے مریضوں کی شرح انتہائی کم ہو چکی، 60 فیصدسے زائدآبادی کوکورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے جس میں پہلی ڈوز والے افراد بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ خسرہ اور روبیلا کے خلاف دنیاکی سب سے بڑی مہم کا آغاز کیا گیا ہے جس میں 4 کروڑ60 لاکھ سے زائد بچوں کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے5 ارب 70 کروڑ روپے کے سالانہ بجٹ کی سینڈیکیٹ اجلاس میں منظوری دی گئی ہے جس سے لوگوں کو طبی سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئے گی۔ ڈینگی کے مریضوں کو ہر ممکن علاج معالجہ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔صوبائی وزیرِ صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ صحافیوں کو بھی جنوری میں ہیلتھ کارڈ جاری کئے جائیں گے۔

اس سے قبل ڈاکٹریاسمین راشدکی زیرصدارت نشترمیڈیکل یونیورسٹی کا 9واں سینڈیکیٹ اجلاس منعقدہوا، جس میں وائس چانسلر روفیسرڈاکٹرراناالطاف،سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب تنویراقبال، اراکین پنجاب اسمبلی اور سینڈیکیٹ ممبران نے شرکت کی۔یاسمین راشدنے نشترمیڈیکل یونیورسٹی کے آٹھویں سینڈیکیٹ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کردی۔سینڈیکیٹ اجلاس کے دوران نشترمیڈیکل یونیورسٹی میں مختلف پوسٹ گریجوایٹ ڈپلوماز کے آغازکی منظوری دی گئی اورسینڈیکیٹ اجلاس کے دوران الائیڈ ہیلتھ سائنسز کالج میں بی ایس ٹیکنالوجی پروگرامزکے آغازکی بھی منظوری دی گئی۔

یاسمین راشد

مزید :

صفحہ آخر -