پیٹرولیم ڈیلر ز کاآج سے ہڑتال کا اعلان، ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے بھی حمایت کر دی
اسلام آباد/لاہور /کراچی (آئی این پی)پاکستان پیٹرولیم ڈیلر زایسوسی ایشن نے (آج) جمعرات سے ملک بھر میں ہڑتال کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ جمعرات سے پٹرول نہیں ملے گا اور اس سلسلے میں پیٹرول پمپ مالکان کو صبح 6بجے سے پیٹرول پمپ بند رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب پٹرول بحران پید اہونے کے خطرے کے پیش نظر فلنگ سٹیشنز پر گاڑیو ں،ٹرکوں، ٹرالرز اور موٹرسائیکلوں کی لائنیں لگ گئیں جبکہ لوگ پٹرول ذخیرہ کرنے کے لئے بڑے گیلن لے آئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیٹرولیم ڈیلر زایسوسی ایشن نے (آج) جمعرات سے ملک بھر میں ہڑتال کااعلان کردیا ہے جس کے بعد لوگوں کو مشکلات کاخطرہ بڑھ گیا ہے۔ ڈیلرز ایسوسی ایشن نے دھمکی دی ہے کہ ہڑتال کی کال کے بعد آج سے فیول سٹیشنز پر پیٹرول نہیں ملے گا۔پیٹرول پمپ مالکان کو آج صبح 6بجے سے پیٹرول پمپ بند رکھنے کی ہدایت کر دی گئی۔پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے کہاکہ آج 25 نومبر کی صبح 6بجے سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے، گلگت بلتستان، آزاد جموں کشمیر اور چترال میں بھی پیٹرول پمپس بند رہیں گے،انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہمارے مطالبات تسلیم نہیں کئے، پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان علی بٹ نے کہاکہ جب تک ڈیلر مارجن چھ فیصد نہیں کیا جاتا حکومت سے مزاکرات نہیں ہونگے، حکومت نے مطالبات تسلیم کرنے کی یقین دھانی کروائی تھی لیکن ابھی تک کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔ حکومت کی یقین دھانی کے بعد 5 نومبر کی ہڑتال کی کال واپس کی تھی۔ حکومت نے یقین دہانیوں پر کوئی عملددرآمد نہیں کیا، ہم آج ہر صورت میں ملک بھر میں ہڑتال کریں گے، صبح 6 بجے تمام پاکستان میں پٹرول پمپ بند ہوں گے۔۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے ہم سے کوئی مذاکرات نہیں کئے۔نعمان بٹ نے اعلان کیاکہ احتجاج کے پیش نظر صرف ایمبولینس کو پٹرول مہیا کیا جائے گا۔ ادھرخانیوال سے ملنے والی رپورٹ کے مطابق پاکستان پیڑول پمپ ڈیلر ایسو سی ایشن کی کال پر آج بروز جمعرات دوسرے شہروں کی طرح خانیوال میں بھی پیڑول پمپ بند رہیں گے ،پاکستان پیڑول پمپ ڈیلر ایسو سی ایشن کی کال پر پٹرول پمپ ایسوایشن خانیوال کے صدر ہمایوں خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ضلع خانیوال بھر کے پیڑول پمپ اپنے مطالبات کی منظوری تک صبح7بجے سے غیر معینہ مدت تک بند رہیں گے کسی بھی پیڑول پمپ پر کسی قسم کی فیولنگ نہیں ہو گی ایسوسی ایشن کے اس اعلان کے بعدشہر بھر کے پیڑول پمپس پر رش لگاکیا اور متعدد پیڑول پمپس پر پیڑولیم مصنوعات ختم ہو گئیں بیشتر نے سیل مکمل طور پر بند کر دی جس کی وجہ سے فیملی کے سا تھ سفر کر نے والوں کو شدیدپریشانی اور مشکلات کا سامنا ہے۔آل پاکستان پٹرولیم ریٹیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے پٹرولیم ڈیلرز کی 25 نومبر کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے، شعیب خان کا کہنا ہے کہ 25 نومبر صبح 6 بجے سے تمام پٹرول پمپس احتجاجا بند رکھیں گے۔پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی ملک بھر میں ہڑتال کے اعلان پر سلیم مانڈوی والا کا کہنا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال کا اعلان انتہائی اہم معاملہ ہے، پٹرول پمپس کی بندش سے پٹرول کا شدید بحران پیدا ہوگا۔سلیم مانڈوی والا نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پٹرولیم ڈیلرز سے مذاکرات کرکے معاملے کا حل نکالے۔ دوسری جانب پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کی جانب سے اعلان کے بعد پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او)کی جانب سے دیگر آئل کمپنیز کی کمپنی ملکیتی نے پمپس کھلے رکھنے کا اعلان کیاہے۔پی ایس او کا کہنا ہے کہ ہمارے پیٹرول پمپس جو کمپنی ملکیتیازیر انتظام ہیں کھلے رہیں گے۔شیل پاکستان کی جانب سے بھی کمپنی کی ملکیت والے پمپس چلانے کا اعلان کیا گیا ہے، پی ایس او کے ملک بھر میں 23، شیل کے 40 کمپنی ملکیت زیر انتظام پمپس ہیں۔پی ایس او کے ترجمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ پی ایس او مشکل حالات کے دوران بھی قوم کی خدمت کا عزم رکھتا ہے ہم عوام کی جانب سے ایسے وقت میں تحمل کا مظاہرہ کرنے اور ان کے مسلسل تعاون کو سراہتے ہیں۔واضح رہے کہ پی ایس او کے کراچی میں 7، شیل کے 6 کمپنی ملکیت پیٹرول پمپس ہیں جبکہ وزارت توانائی و پٹرولیم ڈویژن کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عوام کو کوئی فکر کرنے یا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،ملک بھر میں تمام پی ایس او، شیل، ٹوٹل اور دیگر کمپنیوں کے اپنے پٹرول پمپ (آج)جمعرات کو کھلے رہیں گے، آئل سپلائی میں مستعدی کیلئے ٹینکروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔دوسری جانب وفاقی وزیر توانائی محمدحماد اظہر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے ساتھ رابطے میں ہیں،مارجن پر نظر ثانی سے متعلق سمری پہلے ہی ای سی سی میں پیش کرچکے،ای سی سی کے آئندہ اجلاس میں فیصلہ ہوجائے گا۔دوسری طرف اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی اور فراہمی میں خلل ڈالنے کے حوالے سے خبروں کا نوٹس لے لیا۔ترجمان اوگرا کے مطابق ڈیلرز مارجن میں اضافے کے حوالے سے چند عناصر پٹرول کی سپلائی میں خلل ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں،اوگرا نے تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ تمام آؤٹ لیٹس پر پٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ ترجمان کے مطابق اوگرا کی انفورسمنٹ ٹیمیں فیلڈ میں صورتحال کو مانیٹر کریں گی،کسی بھی طرح سے سپلائی میں تعطل پیدا کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
پٹرول ہڑتال