افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی اشتراک ضروری: جنرل باجوہ 

افغانستان میں انسانی بحران سے بچنے کیلئے عالمی اشتراک ضروری: جنرل باجوہ 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        راولپنڈی (آئی این پی) آر می چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے افغانستان میں انسانی بحران کی صورتحال پیدا نہ ہونے دینے کیلئے عالمی اشتراک کی ضرورت ہے، افغانستان میں امن کا مطلب پاکستان میں امن ہے،افغان عوام کی معاشی بہتری کیلئے مربوط کوششیں کرنا ہونگی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان اور افغانستان کیلئے برطانیہ کے خصوصی نمائندے نائیجل کیسی نے ملاقات کی، جس میں علاقائی سلامتی سمیت افغانستان کی حالیہ صورتحال پر بات چیت کی گئی۔ ملاقات کے دوران آرمی چیف نے کہا پاکستان عالمی و خطے کے امور میں برطانیہ کے کردار کو اہمیت دیتا اوردو طرفہ تعاون میں اضافے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر برطا نوی نمائندے نے افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کے کردار، بالخصوص بارڈر مینجمنٹ اور علاقائی استحکام کیلئے کوششوں کو سراہتے ہوئے یقین دھانی کرائی کہ وہ پاکستان کیساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون بڑھانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ دریں اثنا قطری بحریہ کے کمانڈر میجر جنرل عبداللہ ابن حسن السلیطی نے بھی آرمی چیف سے ملاقات کی، جس میں دو طرفہ دفاعی امور اور خطے میں سلامتی کی صورت حال پر گفتگو کی گئی۔ آرمی چیف نے کہا پاکستان قطر کیساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاک فوج بھی قطر کی مسلح افواج کیساتھ دفاعی اور سکیورٹی تعاون بڑھانے کی خواہاں ہے۔ آرمی چیف نے زور دیا کہ علاقائی امن و استحکام کیلئے افغانستان پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، عالمی برادری افغان عوام کی اقتصادی بہتری کیلئے تعاون کرے، قطری نیول چیف نے پاکستان کی مسلح افواج کے پروفیشنلزم کو سراہا، انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج سے تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے افغان صورتحال اور علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔
جنرل باجوہ

مزید :

صفحہ اول -