پشاور، اشتہاری کو پکڑنے کیلئے آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 2پولیس اہلکار شہید

پشاور، اشتہاری کو پکڑنے کیلئے آپریشن، فائرنگ کے تبادلے میں 2پولیس اہلکار ...

  

      پشاور(آئی این پی) پشاور میں آپریشن کے دوران اشتہاری ملزموں کی فائرنگ سے پولیس اے ایس آئی اور کانسٹیبل شہید ہوگئے۔ کارروائی کے دوران مکان سے 2مشتبہ ملزموں کو گرفتار کرلیا گیا، شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔ پولیس کے مطابق پشاور کے علاقے حیات آباد تاتارا کی حدود میں مطلوب اشتہاری ملزموں کی موجودگی پر ٹارگیٹڈ آپریشن کیا گیا، مکان میں چھپے اشتہاری ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی اور کانسٹیبل شہید ہوگئے۔ پولیس کے مطابق آپریشن گزشتہ رات گئے کیا گیا، کارروائی کے دوران مکان سے 2مشتبہ ملزم گرفتار ہوئے، فرار ملزم کے لیے چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ بعد ازاں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائنز پشاور میں ادا کی گئی۔ آئی جی پولیس معظم جاہ انصاری اور سی سی پی او سمیت اعلی افسران نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ اے ایس آئی ریاض خان اور کانسٹیبل جعفر اشتہاریوں کی فائرنگ سے شہید ہوئے، رات کو اشتہاریوں کی موجودگی پر آپریشن کیا گیا، 7لوگ گرفتار کیے، جن سے اسلحہ برآمد ہوا۔ آئی جی کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کو جہاں موقع ملتا ہے، چھپ جاتے ہیں۔

پولیس اہلکار شہید

مزید :

پشاورصفحہ آخر -