تجوری ہائٹس کا بلڈر خود عمارت گرا رہا ہے ، نسلہ ٹاور گرانے کیلئے 50 روز چاہئیں ، کمشنر کراچی نے رپور ٹ جمع کرا دی
کراچی ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) کمشنر کراچی نے سپریم کورٹ کے نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس کو مسمار کرنے کے حکم پر رپورٹ جمع کرا دی جس میں کہا گیا کہ تجوری ہائٹس کا بلڈر خود عمارت گرا رہا ہے ، نسلہ ٹاور گرانے کیلئے 50 روز چاہئیں ۔
سپریم کورٹ رجسٹری کراچی میں نسلہ ٹاور اور تجوری ہائٹس گرانے سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی ۔ کمشنر کراچی نے پیشرفت رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ، اپنی رپورٹ میں کمشنر کراچی نے کہا کہ عدالتی فیصلے پر من و عن عمل شروع کر دیا گیا ہے ، نسلہ ٹاور کو تیزی سے گرانے کا کام جاری ہے جبکہ تجوری ہائٹس کو گرانے پر بھی کام جاری ہے ۔
واضح رہے کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے تجوری ہائٹس کو چار ہفتوں میں مسمار کرنے کا حکم دیا تھا ، چار ہفتے کا وقت 29 اکتوبر سے شروع ہوا ۔عدالت نے کہا کہ عمارت کے انہدام اور ملبہ اٹھانے کی نگرانی کمشنر کراچی خود کریں، انہدام سے قبل تجوری ہائٹس انتظامیہ فائلیں اور سامان نکال لے،بکنگ فائلیں کمشنر کراچی کی زیرنگرانی نکالی جائیں۔
اس سے قبل عدالت نے نسلہ ٹاور گرانے کا بھی حکم دیا تھا ۔