الیکشن کمیشن نے حکومت کو الیکٹرونک ووٹنگ مشینز کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے خط لکھ دیا 

الیکشن کمیشن نے حکومت کو الیکٹرونک ووٹنگ مشینز کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے ...
الیکشن کمیشن نے حکومت کو الیکٹرونک ووٹنگ مشینز کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے خط لکھ دیا 

  

 اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)الیکشن کمیشن نے حکومت کو الیکٹرونک ووٹنگ مشین (ای وی ایم)کے لئے فنڈز جاری کرنے کے لئے خط لکھا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق آئندہ عام انتخابات میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے حکومت کو فنڈز جاری کرنے سے متعلق خط لکھ دیا ۔ الیکشن کمیشن نے وزارت پارلیمانی امور سے معاملہ متعلقہ حکام تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے، ای وی ایم سٹوریج کے لئے حکومت کو کوہسار بلاک میں دو فلور مختص کرنے کی بھی تجویز دے دی ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا کہ ممکنہ طور پر آئندہ عام انتخابات اکتوبر 2023ءمیں ہوں گے، اور ہمیں ان 23 ماہ میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متعلق اہم اقدامات کرنے ہیں، الیکشن کمیشن کو آٹھ لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینوں کی سٹوریج کیلئے ویئر ہاوس درکار ہوگا، جب کہ ڈیٹا سینٹر، کنٹرول سینٹر، جدید لیب، پرنٹنگ اور ٹریننگ سیشنز کے لیے بھی عمارت درکار ہوگی لیکن ایک سال گزرنے کے باوجود پلاننگ کمیشن نے عمارت کی تعمیر کے لئے فنڈز جاری نہیں کئے۔

خط میں کہا گیا کہ ضروری انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے فنڈز میں تاخیر سے پہلے ہی وقت کاضیاع ہوچکا ہے، پلاننگ کمیشن اسلام آباد کے سیکٹر ایچ الیون میں عمارت کی تعمیر کے لئے فوری فنڈز جاری کرے اور وزارت ہاوسنگ اینڈ ورکس عمارت کی تعمیر کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کرے، ویئر ہاوس بر وقت تعمیر نہ ہونے کے خدشہ کے پیش نظرحکومت کسی سرکاری عمارت میں جگہ مختص کرے۔ذرائع وزارت پارلیمانی امور کے مطابق آئندہ عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن آٹھ لاکھ سے زائد الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں خریدے گا، الیکشن کمیشن کو الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کی سٹوریج کیلئے تین ایکڑ زمین درکار ہوگی۔

مزید :

قومی -