وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے طارق ٹیڈی مرحوم کے بیٹے کو 30 لاکھ روپےکا چیک دے دیا
لاہور(فلم رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے اداکار طارق ٹیڈی مرحوم کے بیٹے جنید طارق نے ملاقات کی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے جنید طارق کو 30 لاکھ روپے کا چیک دیا۔وزیراعلیٰ نے جنید طارق کو آج ہی سی ایم آفس میں نوکری دینے کاحکم دیا۔ وزیراعلیٰ نے نادار فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹرسٹ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔فنکاروں کیلئے خصوصی ٹرسٹ ابتدائی طور پر1 ارب روپے کے فنڈز سے قائم ہوگا۔ فنکاروں کے لئے خصوصی ٹرسٹ کے قیام کے لئے باقاعدہ قانون سازی کی جائے گی۔ فنکاروں کی امدادی فنڈز کی تقسیم کا طریقہ کار طے کرنے کے لئے بورڈ آف ٹرسٹی قائم کردیاگیا، وزیراعلیٰ سربراہ ہوں گے۔سیکرٹری اطلاعات بورڈ آف ٹرسٹی کے سیکرٹری،قوی خان،سید نور، سہیل احمد، نعمان اعجاز،جاوید شیخ، افتخار ٹھاکر,قیصر پیا، ثمینہ احمد، فیاض الحسن چوہان، ٹھاکر لاہوری ممبر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے فنکاروں کے لئے ماہانہ امداد 5ہزار سے 25ہزار روپے کر دی۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے فنکاروں نے اظہار مسرت کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے طارق ٹیڈی مرحوم کے بیٹے جنید طارق محمود کو دلاسہ دیا اور گلے لگا کر شفقت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ فنکاروں کے اہل خانہ کی دیکھ بھال کو ہم فرض سمجھتے ہیں۔ فنکاروں کے خاندان کی معاونت کسی پر احسان نہیں، ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ طارق ٹیڈی مرحوم اپنے ہم عصراداکاروں میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ طارق ٹیڈی کے بیٹے جنید طارق نے وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا۔صوبائی وزیر ثقافت ملک تیمور مسعود،چیئرمین فلم سنسر بورڈ گل زمان، افتخار ٹھاکر، روبی انعم،اظہر بٹ، سینئرصحافی مروہ انصر، ٹھاکر لاہوری نے ملاقات میں شرکت کی۔پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد اقبال چودھری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اسد اللہ خان، سیکرٹری اطلاعات پنجاب آصف بلال لودھی بھی موجود تھے۔