پنجاب، کیلیفورنیا نیا معاہدے سے دوطرفہ سرمایہ کاری بڑھے گی: پرویز الٰہی
لاہور (نمائند ہ خصوصی،فلم رپورٹر،آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے پاکستانی نژادامریکی بزنس مین اور ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما طاہر جاوید کی سربراہی میں وفد نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔ طاہر جاویداور وفد نے پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کے مثالی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں پنجاب حکومت نے کئی سال کے کام 3ماہ میں کردئیے ہیں،انہوں نے کہا کہ پنجاب او رکیلیفورنیا کو سسٹر سٹیٹس قرار دینے کے معاہدے پرہونے والی پیشرفت پر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کو مبارکباد دیتے ہیں۔طاہر جاوید اور وفد نے وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کو امریکہ کے دورے کی دعوت دی۔وفد میں فاروق ارشد، ذوالفقار میمن، ڈاکٹر نعمان طاہر، حسن ابرار، مبین خاور اور سعید چودھری شامل تھے۔ دریں اثناء چودھری پرویز الٰہی سے اداکار طارق ٹیڈی مرحوم کے بیٹے جنید طارق نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے جنید طارق کو 30 لاکھ روپے کا چیک دیا اور سی ایم آفس میں فوری نوکری دینے کاحکم دیا اور نادار فنکاروں کی فلاح وبہبود کے لئے ٹرسٹ قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔فنکاروں کیلئے خصوصی ٹرسٹ ابتدائی طور پر ایک ارب روپے کے فنڈز سے قائم ہوگاجس کیلئے باقاعدہ قانون سازی کی جائے گی،وزیراعلیٰ سربراہ ہوں گے۔سیکرٹری اطلاعات بورڈ آف ٹرسٹی کے سیکرٹری،قوی خان،سید نور، سہیل احمد، نعمان اعجاز،جاوید شیخ، افتخار ٹھاکراور قیصر پیا، ثمینہ احمد، فیاض الحسن چوہان، ٹھاکر لاہوری ممبر ہوں گے۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے فنکاروں کے لئے ماہانہ امداد 5ہزار سے 25ہزار روپے کر دی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے شہید پائلٹ مریم مختیار کی برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قوم کی بہادر بیٹی مریم مختیار نے آج کے دن 2015 میں شہادت کا اعلیٰ رتبہ پایا۔ شہید کی جو موت ہے، وہ قوم کی حیات ہے۔شہید مریم مختیار نے لائن آف ڈیوٹی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔شہید مریم مختیار پورے ملک کیلئے بہادری اور شجاعت کا عملی نمونہ ہیں۔ قوم شہید مریم مختیار کو ہمیشہ یاد رکھے گی،شہید مریم مختیار نے پاکستان ایئر فورس کی پہلی خاتون پائلٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔شہید پائلٹ مریم مختیار خواتین کیلئے ایک مثال اور قوم کی بیٹیوں کیلئے مشعل راہ ہیں۔مزید براں وزیراعلیٰ پنجاب نے پتوکی میں دوران ڈکیتی لڑکی سے بد اخلاقی کرنیوالے ملزمان کو گرفتارکرنے پر قصور پولیس کو شاباش دی ہے،انصاف کی فراہمی کے لئے متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد جاری رکھیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ بچوں اور خواتین سے متعلقہ جرائم کا مکمل خاتمہ میری اولین ترجیح ہے۔ تھانہ صدرپتوکی کے علاقے میں ڈاکوؤں نے 14 سالہ لڑکی کو بد اخلاقی کا نشانہ بنایا تھا۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب نے او پی سی افسران کے وفد کی ملاقات کے موقع پرخیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ اووسیز پاکستانیز متعلقہ ڈویژن میں خود اوورسیز کلب تعمیر، پنجاب کے ہر محکمے میں بھرپور سپورٹ اور معاونت کریں گے،ا وورسیز پاکستانیز کے لیے ڈویژن کی سطح پر اوورسیز کلب کے قیام کی بھی تجویز پر اتفاق رائے، پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔اس موقع پر وائس چیئرپرسن پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن مخدوم سید طارق محمود الحسن نے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا اوورسیز پاکستانیز کے ملازمین کو مستقل کرنے کی منظوری دے کر احسن اقدام کیا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے او پی سی کے افسران کی بہترین کارگردگی کو دیکھتے ہوئے ان میں تعریفی اسناد سے نواز جس میں کمشنر او پی سی سید خادم عباس، ڈائریکٹر جنرل عشرت اللہ خان نیازی، ڈائریکٹر پولیس میٹرز امتیاز احمد خاں، ڈائریکٹر ریونیو محمد اسلم رامے، پی آر او ٹو وائس چیئر پرسن علی راضون چشتی، پی اے ٹو وائس چیئر پرسن عمر آصف نظامی اور او پی سی میڈیا سیل سے محمد قربان فاروقی شامل تھے۔
پرویز الٰہی