الخدمت فاؤنڈیشن تعمیر وطن پروگرام کے تحت سیلاب زدگان کی معاونت شروع

   الخدمت فاؤنڈیشن تعمیر وطن پروگرام کے تحت سیلاب زدگان کی معاونت شروع

  

تونسہ(پ ر)الخدمت فاؤنڈیشن نے تعمیرِ وطن پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں 60 کروڑ روپے کی لاگت سے 4 ہزار گھروں کی تعمیر میں معاونت کا آغاز کر دیا۔ اس حوالے سے جنوبی پنجاب کے ضلع ڈیرہ غازی خان کی تحصیل تونسہ میں مزید 100بے گھر سیلاب متاثرین میں مکانات کی تعمیر و مرمت میں معاونت کے لئے رقوم کے چیک تقسیم کئے گئے۔الخدمت نے ابتدائی طور پر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 4 ہزار مکانات کی تعمیر میں معاونت کا منصوبہ بنایا ہے۔ایک گھر کیلیے ڈیڑھ لاکھ روپے کی معاونت کی جائے گی اور پہلے مرحلے میں جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان میں جہاں جہاں پانی اتر گیا ہے، وہاں بے گھر سیلاب متاثرین کو تعمیراتی سامان (جی آئی شیٹس، آئرن ٹی گارڈر، بلاک، اینٹیں وغیرہ)کی خریداری کے لئے رقم فراہم جارہی ہے۔یہ رقم سیلاب متاثرین کو 3 اقساط میں مرحلہ وار ادا کی جائے گی۔ گھروں میں معاونت کے کام کی رپورٹنگ، مانیٹرنگ اور آڈٹ کیلیے متاثرین کو رقوم ان کے بینک اکاؤنٹس میں جمع کروائی گئی ہیں اور جن متاثرین کے بینک اکاؤنٹس موجود نہیں تھے، ان کے بینک اکاؤنٹس کھلوانے کا اہتمام بھی کیا گیا  تاکہ اس بات کو بھی یقینی بنایا جاسکے کہ گھر کی تعمیر کے لئے دی جانے والی رقم اسی مقصد کے لئے ہی استعمال ہو۔ گھروں کی تعمیر کے لیے معاونت کیلیے متاثرہ علاقوں میں سروے کا انعقاد کیا گیا جس میں ترجیحاً بیوہ خواتین، معذور افراد، مزدور طبقہ اور چھوٹے زمینداروں کو شامل کیا گیا۔جنوبی پنجاب میں اس سے پہلے اب تک 120 گھروں کی تعمیر و مرمت میں معاونت کا کام مکمل کیا جاچکا ہے۔

مزید :

کامرس -