کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرایاجارہا ہے، کمشنر ڈیرہ

کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرایاجارہا ہے، کمشنر ڈیرہ

  

 ملتان(سپیشل رپورٹر) سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے کاشتکاروں کو حکومت پنجاب گندم کے بیج و دیگر زرعی لوازمات پر سبسڈی کی سہولت فراہم کررہی ہے تاکہ آئندہ(بقیہ نمبر3صفحہ6پر)

 فصل سے بھرپور پیداوار کرکے ملک میں فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنایا جاسکے۔ان خیالات کا اظہارکمشنر ڈی جی خان لیاقت علی چٹھہ نے محکمہ زراعت پنجاب اور نجی کھادکمپنی کے باہمی تعاون سے ڈیرہ غازی خان میں زیادہ گندم اگاؤ مہم کے سلسلہ میں منعقدہ کسان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی سے روشناس کرانے کیلئے ایڈوائزری سروسزڈور سٹپ پر فراہم کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نہروں کے شگاف بروقت مکمل کرکے گندم کی بوائی کیلئے کاشتکاروں کو پانی کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے۔حکومت پنجاب گندم کے زیرِ کاشت رقبہ اور پیداوار میں اضافہ کے لئے کاشتکاروں کوگندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت سبسڈی کی سہولت اور ترغیبات فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پرڈائریکٹر زراعت توسیع مہر عابد حسین نے کہا کہ امسال نومبر میں ہی ڈی جی خان ڈویژن میں گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف 24ایکڑ حاصل کرلیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکاراوائل نومبر میں کاشتہ گندم کی فصل کوکھاد اورپہلاپانی بروقت لگائیں کیونکہ اس مرحلہ پرکسی بھی قسم کی تاخیر پیداوار متاثر کرسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ  صوبہ پنجاب کے لئے گندم کی کاشت کا ہدف1کروڑ65 لاکھ ایکڑ جبکہ پیداواری ہدف2 کروڑ20 لاکھ میٹرک ٹن مقرر کیا گیا ہے جس کے حصول کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔گزشتہ سال ضلع ڈی جی خان میں 5لاکھ 88ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت ہوئی جس سے7 لاکھ55ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ اس کے علاوہ میگا فارمر گیڈرنگ اور صوبائی و ضلعی سطح پر پیداواری مقابلہ جات کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں میں تحریک اورترغیب کے ذریعے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر گندم کی بروقت کاشت کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ گندم کی اضافی پیداوار سے ملک میں فوڈ سیکیورٹی کی صورتحال کو اطمینان بخش بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ گندم کی پیداوار میں اضافہ کے قومی منصوبہ کے تحت12 ارب59 کروڑ روپے کی لاگت سے گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیلئے کاشتکاروں کو سبسڈی فراہم کی جارہی ہے۔گندم کو منافع بخش بنانے کیلئے بوائی سے قبل ہی اس کی امدادی قیمت بڑھاکر 3000روپے فی 40 کلوگرام مقررکر دی ہے تاکہ کاشتکارگندم کو ایک منافع بخش فصل کے طور پر زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کریں۔ڈائریکٹر زراعت توسیع نے مزید کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی کے متعلق آگاہی اور فنی رہنمائی کے لئے محکمہ زراعت توسیع کا عملہ کاشتکاروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ نجی کمپنی کے زرعی ماہرڈاکٹر سعید اقبال نے گندم کی فصل میں کھادوں کے متوازن استعمال پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کاشتکاروں کو سفارش کی کہ وہ گندم کی فصل میں فاسفورسی اورنائٹروجنی کھادوں کے توازن کا خاص خیال رکھیں۔اس موقع پر ممبرصوبائی اسمبلی حنیف خان پتافی،ڈپٹی کمشنر محمد انور بریار  نے بھی خطاب کیا۔ کسان کنونشن میں ڈپٹی ڈائریکٹر زرعی اطلاعات پنجاب نوید عصمت کاہلوں،ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع غلام احمد بزدار سمیت محکمہ زراعت کے افسران اور کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

ملتان صفحہ آخر -