ضلع خیبر کی فلور ملز سے آٹے کے نمونے حاصل، لیبارٹری ارسال

  ضلع خیبر کی فلور ملز سے آٹے کے نمونے حاصل، لیبارٹری ارسال

  

پشاور(سٹی رپورٹر) محکمہ خوراک کے افسران نے ضلع خیبر کے مختلف فلور ملز کے دورے کئے جہاں پر آٹے کے معیار کو چیک کرنے سمیت سبسڈائز آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا جبکہ آٹے کے نمونے حاصل کر کے تجزیئے کیلئے لیبارٹری ارسال کردیئے۔ صوبائی وزیر خوراک محمد عاطف خان‘ سیکرٹری محکمہ خوراک کیپٹن (ر) مشتاق احمد اور ڈائریکٹر فوڈ ریحان گل خٹک کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر حفیظ الرحمن‘ اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر تسبیح اللہ اور فوڈ انسپکٹر بلال آفریدی نے ضلع خیبر میں قائم ال سپریم اور نیو خیبر فلور ملز کے دورے کئے جہاں پر آٹے کے معیار اور ریکارڈ کو چیک کرنے سمیت سبسڈائز آٹے کی ترسیل کا جائزہ لیا اور آٹے کے نمونے حاصل کر کے تجزیئے کیلئے لیبارٹری ارسال کئے۔ واضح رہے کہ ڈائریکٹر فوڈ نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایات جاری کئے تھے کہ وہ ہر مہینے دو بار مختلف فلور ملز کے دورے کریں اور آٹے کے معیار کو چیک کریں جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ضلع خیبر کے افسران نے مختلف فلور ملز کے دورے کئے۔ ڈائریکٹر فوڈ ریحان گل خٹک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آٹے کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا جبکہ غیر معیاری آٹے و مقررہ نرخوں سے تجاوز کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے محکمہ خوراک کے افسران کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں اشیائے خوردونوش کی چیکنگ کریں اور شہریوں کو مقررہ نرخوں پر معیاری اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنائیں جبکہ گرانفروشی کے مرتکب افراد کے خلاف فوڈ ایکٹ کے تحت سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق صاف ستھری اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی اور غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -