الخدمت کی جانب سے”باہمت بچوں“ کی چلڈر ن ایکسپو میں شرکت

      الخدمت کی جانب سے”باہمت بچوں“ کی چلڈر ن ایکسپو میں شرکت

  

کراچی (سٹاف رپورٹر)الخدمت کراچی کی جانب سے ”آرفن کیئر پروگرام“میں رجسٹرڈ250 باہمت بچوں نے بزم ساتھی کے تحت کشمیر پارک (سابقہ عسکری پارک) میں جمعرات کو ہونے والے چلڈرن ایکسپومیں بھرپور شرکت کی۔ایکسپو میں الخدمت آغوش ہوم گلشن معمار کے بچوں،ان کی ماؤں،آرفن کیئر پروگرام و آغوش ہوم کے ذمہ داران شریک تھے۔ایکسپو میں بچوں کے درمیان کوئز،تقاریر،ملی نغموں اور نظموں کے مقابلے منعقد کیے گئے جن  الخدمت کے باہمت بچوں نے بھی حصہ لیا اور ان بچوں کوپارک میں سیرو تفریح کا مواقع فراہم کیا گیا۔بچوں نے پارک کی سیر کی اوران میں موجود تمام جھولوں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔بچوں نے تمام مقابلہ جات میں بھرپور حصہ لیا۔بچوں کیلئے کھانوں کے مختلف اسٹالز لگائے گئے تھے،جہاں بچے من پسند اشیاء سے محظوظ ہوئے۔دریں اثنا چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے بزم ساتھی کو کامیاب ایکسپو پر مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی مثبت سرگرمیاں بچوں کی ذہنی،وجسمانی اورعلمی صلاحتیں بڑھانے کا سبب بنتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یتیم بچے ملک کا روشن مستقبل ہیں۔اچھی تعلیم،تفریح،صحت کی سہولتیں ان بچوں کا حق ہے اور الخدمت ان کیلئے آرفن کیئر پروگرام کے تحت یہ ساری سہولتیں پہنچا رہی ہے۔ الخدمت کے تحت کفالت یتامی پروگرام میں 1500سے زائد بچے رجسٹرڈ ہیں جن کی گھروں پر کفالت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آغوش ہوم میں 50بچے موجود ہیں جن کی تعلیم،صحت،خوراک، سیرو تفریح،دینی تعلیم اورتربیت کی ذمہ داری الخدمت انجام دے رہی ہے۔باہمت بچوں کی کفالت کے ساتھ ساتھ انہیں سیر وتفریخ کیلئے مختلف پارکوں میں لے جایا جاتا ہے جبکہ ان کیلئے اہم اور تاریخی مقامات پر مطالعاتی دوروں کا بھی اہتمام کیا جاتاہے۔کشمیر پار ک میں چلڈرن ایکسپو  میں باہمت بچوں کی شرکت کا مقصد بھی یہی ہے کہ ان بچوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لائی جا ئیں اور انہیں کچھ تعلیم ودیگر مصروفیات کے ساتھ آسودگی حاصل ہو۔یتیم بچوں کی تربیت ہم سب کی ذمہ داری ہے اور یہ نہایت ہی نیکی کا کام ہے۔انہوں نے کہا کہ یتیموں کی کفالت کے نیک عمل میں پورے معاشرے کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ 

مزید :

پشاورصفحہ آخر -