پیرس میں اقبال ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام ، پاکستانی سفیر کی بطور مہمان خصوصی شرکت

پیرس میں اقبال ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام ، پاکستانی سفیر کی بطور مہمان ...
پیرس میں اقبال ڈے کے حوالے سے تقریب کا اہتمام ، پاکستانی سفیر کی بطور مہمان خصوصی شرکت

  

پیرس(عاکف غنی ملک سے )فرانس کے دارالحکومت پیرس میں یوم اقبال کے حوالے سے ایک شاندار و پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا، پاکستانی سفیر عاصم افتخار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

تفصیلات کے مطابق  یوم اقبال کے حوالے سے تقریب کی میزبانی  کے فرائض ممتاز سیاسی و کاروباری شخصیت سردار   ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر  ، چوہدری یاسر مردان اور کشمیری راہنما چوہدری نعیم  نے انجام دیئے۔ جبکہ تقریب میں فرانس میں پاکستان کمیونٹی کی تمام سیاسی ، سماجی و کاروباری جماعتوں کے نمائیندوں نے بھرپور شرکت کی ۔

پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک اور نعت رسول مقبولﷺسے کیا گیا،اس کے بعد پاکستان اور فرانس کے قومی ترانوں کی دُھن بجائی گئی ، مقررین نے پرجوش طریقے سے علامہ محمد اقبال شاعر مشرق کا پیغام خودی ، اخوت ، آزادی ، انقلاب اور محبت رسول مقبول ﷺ  پیش کیا۔

 مہمان خصوصی اور فرانس میں حال ہی میں متعین ہونے والے پاکستان کے سفیر عاصم افتخار احمد نے تقریب کے منتظمین کو اتنی خوبصورت تقریب کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ سفیر ہاکستان عاصم افتخار نے کہا کہ  اقبال کا پیغام صرف اس وقت کے لوگوں کے لئے نہیں تھا  بلکہ آنے والی نسلوں  کے لئے بھی ہے ، ہر دور کے باشعور اور آزادی پسند لوگوں کے لئے اقبال کی شاعری میں پیغام ہے۔ اور اقبال کے حوالے سے ایسی خوبصورت تقریب اور کمیونٹی کے تمام مکتبہ فکر کے نمائیندوں کا ایک چھت تلے اکٹھے ہونا ، اقبال کو خراج تحسین پیش کرنے کا بہت شاندار اور منفرد انداز ہے۔ آپ سب مبارکباد کے مستحق ہیں۔ 

سفیر عاصم افتخار نے مزید کہا کہ میں  آپ لوگوں کی خدمات کو سراہنا چاہتا ہوں اور آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کمیونٹی کے مسائل کے حوالے سے آپ کو سفیر پاکستان اور دوسرے افسران کے ساتھ رابطہ کرنے میں کبھی کوئی دشواری نہیں ہوگی،ہمیں آپ کی طرف سے بہتر تجاویز ، تعاون اور رہنمائی کی ضرورت رہے گی ، آپ کی تجاویز کی روشنی میں ہم قونصلر سیکشن کو مزید بہتر بنائیں گے۔ 

میرے سٹاف نے مجھے بتایا ہے کہ آپ لوگوں کا ہمیشہ جو تعاون رہا ہے،آپ لوگ جب سفارتخانے کا ساتھ دیتے ہیں تو آپ پاکستان کا ساتھ دیتے ہیں،تقریب کے اختتام پر مہمانوں کے اعزاز میں شاندار ضیافت کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب میں پاکستان ایمبیسی کے ڈیفنس اتاشی رضوان  احمد ، نیول اتاشی شفیق الرحمن ، پریس اتاشی دانیال گیلانی  اورہیڈ قونصلر احسان کریم نے بھی شرکت کی- 

سفیر پاکستان عاصم افتخار  کا استقبال میزبان تقریب سردار ظہور اقبال ، راجہ علی اصغر، نعیم چوہدری، یاسر مردان اور معززین کمیونٹی نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے کیا-

مزید :

بین الاقوامی -