پنجاب اور وفاق میں نا اہل حکومت کا دھڑن تختہ ہو نیوالا ہے: حامد رضا 

Nov 25, 2024

                                                             لاہور (نمائندہ خصوصی) سنی اتحاد کونسل پاکستان اور قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ پنجا ب اور وفاق میں نااہل حکومت کا دھڑن تختہ ہونے والا ہے، مریم کی حکومت نے پولیس کو پرو پو لیٹکل فورس بنا دیا ہے۔ وفاقی وزراء حکومت کے نہیں فسادیوں کے وزراء ہیں۔ پنجاب حکومت کے بدترین کریک ڈاؤن کے باوجود بہت بڑی تعداد اسلام آباد کی طرف روا ں دواں ہے۔ ایک گھنٹے میں چار، چار پریس کانفرنس کرنے وا لے حکومتی وزراء کے اوسان خطا ہوچکے ہیں۔ عطاء تارڑ کونسلر نہیں بن سکتے مگر فارم 47کی وجہ سے انہیں بھی وزیر بنا دیا گیا۔ کسی تحریک انصاف کے رہنما نے گرفتاری کی پیش کش نہیں کی بلکہ چیلنج کیا کہ گرفتار کرکے دکھائیں۔ مرکز اہلسنّت جامعہ رضویہ پر پولیس گردی فسطائیت کی بدترین مثال ہے۔ علماء و طلباء کو ہراساں کیا جارہا ہے۔میری گرفتاری کے لیے  میرے دفتر اور رہائش گاہ پر پولیس تعینات کردی گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد روانگی سے قبل اپنے حلقہ میں کارکنان سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں کوئی گروپ نہیں صرف عمران خان گروپ ہے۔ مسلم لیگ ن کا وطیرہ ہے کہ وہ حقائق کو مسخ کرتی ہے۔ پرتشدد سیاست اور انتقامی سیاست کے رویوں کی مذمت کرتا ہوں۔ ملک میں معیشت کا ستیاناس تحریک انصاف نہیں مسلم لیگ ن کی حکومت نے کیا ہے۔ پنجاب بھر سے 10ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا۔ پنجاب میں شدید ترین کریک ڈاؤن کرکے بھی کہا جارہا ہے کہ احتجاج کے لیے لوگ نہیں نکلے۔ قوم اب جاگ چکی ہے۔ مسلم لیگ ن کی چال بازیوں سے قوم واقف ہے۔ 9 مئی کے واقعہ کی اصل ذمہ دار مریم نواز اور نواز شریف ہیں۔

صاحبزادہ حامد رضا

مزیدخبریں