کوئٹہ (آئی این پی)بلوچستان کے محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی 3ہزار 530 پوسٹیں خالی ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ دستاویزات کے مطابق صوبے میں اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کی 600پوسٹوں میں سے 420 خالی ہیں، پورے صوبے میں صرف 180 ماہر ڈاکٹرز خدمات انجام دے رہے ہیں۔ صوبے میں نرسوں کی بھی 351پوسٹیں خالی ہیں جبکہ کوئٹہ کے سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں منظور شدہ پوسٹوں سے 236 ڈاکٹر کی اضافی تعیناتی کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے دستیاویزات کے مطابق صوبے میں ڈاکٹرز، لیڈی ڈاکٹرز اور ڈینٹل سرجنز کی 5 ہزار 556 میں سے 2178پوسٹیں خالی پڑی ہیں،ٹیچنگ کیڈر 745، ہیلتھ مینجمنٹ کیڈڑ کی 187اور سپیشلسٹ کیڈر کی 420 پوسٹیں خالی پڑی ہیں اسی طرح صوبے میں نرسوں کی 1525 آسامیاں ہیں جن میں سے 351خالی پڑی ہیں، صوبے میں ڈاکٹروں اور نرسوں کی پوسٹیں خالی ہونے سے1251بی ایچ یو ز میں صرف 762فعال جبکہ 489بند پڑے ہیں۔دوسری جانب ڈاکٹروں کے اندورن صوبہ ڈیوٹی دینے کے بجائے کوئٹہ میں منتقل ہونے کا رجحان اس قدر زیادہ ہوگیا ہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں گریڈ 17سے 20کی منظورشدہ پوسٹوں سے 236 ڈاکٹرز اضافی تعینات ہیں، جن میں سول ہسپتال میں 126اور بی ایم سی میں 110 اضافی ڈاکٹرز تعینات ہیں۔
محکمہ صحت بلوچستان