میٹا نے فیس بک میسنجر میں متعدد نئے فیچرز متعارف کرا دیئے

Nov 25, 2024 | 11:47 AM

نیویارک (ویب ڈیسک) اگر آپ فیس بک میسنجر پر دوستوں کو آڈیو یا ویڈیو کالز کرنا پسند کرتے ہیں تو اس میں متعارف کرائے جانے والے متعدد نئے فیچرز ضرور پسند آئیں گے۔

نجی ٹی وی" جیو نیوز" کے مطابق میٹا کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں ان نئے فیچرز کا اعلان کیا گیا تھا، کمپنی نے بتایا کہ اب آپ ویڈیو کال کے دوران آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی بیک گراؤنڈ استعمال کرسکتے ہیں۔

اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ویڈیو کال کرنے کے دوران سائیڈ بار پر موجود ایفیکٹس آئیکون پر کلک کریں اور بیک گراؤنڈز کا انتخاب کریں۔اس طرح آپ کو اپنے دوستوں اور گھر والوں کو اپنے پیچھے موجود خراب پس منظر دکھانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

اس طرح کا فیچر پہلے سے متعدد ویڈیو کالنگ ایپس میں موجود ہے اور فیس بک میسنجر میں کافی تاخیر سے متعارف کرایا گیا ہے۔

اسی طرح ایچ ڈی ویڈیو کالز کا فیچر بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، پس منظر میں ہونے والے شور کو دبانے اور آواز کو ہر ممکن حد تک کلیئر کرنے والے فیچرز کا بھی اضافہ کیا جا رہا ہے۔

میٹا نے بتایا کہ میسنجر ویڈیو کالز میں ایچ ڈی ویڈیو موڈ بائی ڈیفالٹ ہوگا، البتہ خراب انٹرنیٹ سروس پر ایسا نہیں ہوگا۔

میٹا کے مطابق اب آپ اپنے دوستوں کو وائٹس اور ویڈیو میسجز بھی بھیج سکتے ہیں، جس کے لیے ریکارڈ میسج بٹن پر کلک کرکے ویڈیو یا آڈیو میسج کو بھیج دیں۔

مزیدخبریں