عقیل خان نے صبح نو ٹینس کے سنگل اور ڈبلز ٹائٹلز اپنے نام کر لئے
کراچی (اے پی پی) عقیل خان نے این بی پی صبح نو ٹینس چیمپئن شپ میں مینز سنگلز اور ڈبلز ٹائٹلز اپنے نام کر لئے، ویمنز سنگل کا ٹائٹل ردا خان کے نام رہا۔ کراچی میں منعقدہ چیمپئن شپ میں پاکستان کے ٹاپ سیڈ عقیل خان نے عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے دونوں ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مینز سنگلز فائنل میں عقیل خان نے شاندار کھیل کی بدولت محمد عابد کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6-3، 4-6 اور 6-0 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ ویمنز سنگل فائنل میں ردا خان نے عمدہ کھیل کی بدولت ماہین دادا کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ مینز ڈبلز فائنل میں عقیل خان اور ان کے چھوٹے بھائی یاسر خان نے محمد خالد اور خالد علی نذر پر مشتمل جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-2 سے ہرا کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔