قومی ہاکی سلیکشن کمیٹی ختم،ٹیم کے انتخاب کااختیار ٹیم انتظامیہ کودیدیاگیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی سلیکشن کمیٹی کو ختم کر دیا‘ ٹیم کے انتخاب کا اختیار ٹیم انتظامیہ کو دے دیا گیا‘ حنیف خان کو قومی ٹیم کا کوچ مقرر کر دیا گیا ،چودھری اختر رسول بطور ہیڈ کوچ منیجر عہدے پر برقرار رہیں گے۔ بدھ کو یہاں پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایگزیکٹو بورڈ اجلاس ہوا جس کی صدارت بی ایچ ایف کے صدر میاں قاسم ضیاءنے کی۔ اجلاس میں ہاکی کے امور پر تفصیلی غور کیا گیا اور مختلف فیصلوں کی منظوری لی گئی۔ اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری آصف محمود باجوہ نے بتایا کہ ایگزیکٹو بورڈ نے قومی سلیکشن کمیٹی کو ختم کرنے کی منظوری دیدی ہے جس کے بعد ٹیم کے انتخابات کا اختیار ٹیم انتظامیہ کو دے دیا گیا ہے جو ملک بھر سے سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ چیف سلیکٹر حنیف خان کو خواجہ جنید کی جگہ قومی ٹیم کا نیا کوچ مقرر کیا گیا ہے، اجمل خان اور احمد عالم معاون کوچ ہوں گے۔ ان کا کہناتھا کہ خواجہ جنید اور شاہد علی خان کو فارغ کر دیا گیا ہے اختر رسول 2014ءتک ہیڈ کوچ اور منیجر برقرار رہیں گے۔ نئے آفیشلز2014ءتک برقرار رہیں گے۔ آصف باجوہ نے بتایا کہ طاہر زمان کنسلٹنٹ کوچ ہوں گے اور ضرورت ہوئی تو طاہر زمان بھی ٹیم کے ساتھ بیرون ملک دورے پر جاسکیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں آصف باجوہ نے کہا کہ دنیا بھر میں سلیکشن کمیٹی ختم ہو چکی ہے اور سلیکشن کی ذمہ داری مینجمنٹ پر ہوتی ہے لہٰذا دیگر ممالک کی طرح ہماری ٹیم مینجمنٹ بھی ایگزیکٹو بورڈ کو جواب دہ ہو گی۔