شہدا کے لواحقین کی مالی اعانت کے لیے بیت المال قائم کیا جائے گا‘ میر واعظ
سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ جاری تحریک آزادی کے دوران شہید ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی اعانت کے لیے پورے مقبوضہ کشمیر میں بیت المال کے قیام کی کوششیں جاری ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے اس بات کا اظہار حریت رہنماﺅں اور شہداءکے لواحقین کے ساتھ راجباغ سرینگرمیں حریت ہیڈکوارٹر پر تبادلہ خیال کے دوران کیا جس کا اہتمام جموںو کشمیر سالویشن موومنٹ اور متاثرہ کشمیری خاندانوں کی ایسو سی ایشن نے کیا تھا۔ میر واعظ نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کئی محاذوں پر سرگرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہو اہے۔ انہوں نے ککر ناک سے تعلق رکھنے والے کشمیری لسہ کاک کو سلام پیش کیاجن کے تین بیٹے بھارتی فوج نے شہید کیے جبکہ چوتھا دوران حراست لاپتہ کیا گیا۔ جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے اس موقع پر کہا کہ شہدا تحریک آزادی کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیاجانا چاہیے۔ ظفر اکبر بٹ نے کہاکہ شہدا کی قربانیوں کو ہرگز فراموش کیا جا سکتا۔ اس موقع پر حریت رہنما شاہدا لاسلام، مصدق عادل اور سلیم گیلانی بھی موجود تھے۔