کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق عدالتی فیصلوں کا ریکارڈ طلب
لاہور (نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے کالاباغ ڈیم کی جلد تعمیر کے لئے دائر متعدد درخواستوں کی سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے ڈیم کی تعمیر سے متعلق عدالتی فیصلوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزاروں نے موقف اختیار کیا کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر کا منصوبہ قومی مفادمیں ہے جسے سیاست کی نظر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ڈیم تعمیرہونے سے بجلی بحران پر قابو پایا جا سکے جس سے ملکی معیشت کا پہیہ چلے گا اور زرعی ترقی بھی ممکن ہو گی۔جس پر عدالت نے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے ہونے والے عدالتی فیصلوں کا ریکارڈ طلب کر لیا۔عدالت نے اپنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ایسا فیصلہ کیا جائے گا جس سے دوسرے صوبوں کے حقوق متاثر نہیں ہوں گے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 25اکتوبر تک ملتوی کر دی۔