مجھے حلقہ این اے 149کے ضمنی انتخاب میں آئی ایس آئی نے ہروایا:جاوید ہاشمی

مجھے حلقہ این اے 149کے ضمنی انتخاب میں آئی ایس آئی نے ہروایا:جاوید ہاشمی
مجھے حلقہ این اے 149کے ضمنی انتخاب میں آئی ایس آئی نے ہروایا:جاوید ہاشمی

  

ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق رکن قومی اسمبلی اور سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے الزام عائد کیا ہے کہ میرے تعلقات آئی ایس آئی سے کبھی ٹھیک نہیں رہے جبکہ حلقہ این اے 149 کے ضمنی انتخاب میں انہیں آئی ایس آئی نے ہروایا ۔

نجی ٹی وی وقت نیوز کے پروگرا م’معرکہ‘میں گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہناتھا کہ سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے صاحبزادے نے بھی بتایا کہ ضمنی انتخاب میں آئی ایس آئی نے آپ کے خلاف کام کیا۔انہوں نے بتایا کہ 2014 میں دھرنے سے پہلے شاہ محمود قریشی سمیت تمام پارٹی کے سینئر رہنماوں نے عمران خان کو کہا کہ پنجاب کے اندر عام انتخابات میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی جبکہ ہمارے پاس انتخابات میں دھاندلی کا کوئی ثبوت نہیں تھا۔ان کا کہناتھا کہ چیئرمین عمران خان کسی کے اشاروں پر اسلام اباد میں دھرنا دینے گئے۔

جاوید ہاشمی نے کہا کہ اس دفعہ پھر عمران خان کسی کے اشاروں پر چل رہے ہیں،پارٹی کے اپنے لوگوں نے اس دفعہ پھر عمران خان کو کہا ہے کہ ہم چوتھی مرتبہ استعمال ہونے جا رہے ہیں۔لیکن دو نومبر ایک لحاظ سے بہت اہمیت کا حامل دن بن سکتا ہے۔ جاوید ہاشمی کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگی ہوں اور مسلم لیگی رہوں گا،اپنے گھر والوں کو کہہ چکا ہوں کہ مرنے کے بعد مسلم لیگ کے جھنڈے میں مجھے دفن کیا جائے،انہوں نے کہا اگر آج بھی نواز شریف پر کوئی کڑا وقت آیا تو میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں گاجاوید ہاشمی کا کہناتھا کہ تحریک انصاف چھوڑنے کے بعد نواز شریف سے صرف ان کی نواسی کی شادی میں ملاقات ہوئے۔

آرمی چیف کی مدت ملازمت سے متعلق سوال کے جواب میں جاوید ہاشمی نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کو توسیع نہیں ملنی چاہیے ،البتہ نہ حکومت توسیع دے رہی ہے نہ آرمی چیف مانگ رہے ہیں۔جاوید ہاشمی نے کہا کہ ایم کیو ایم کو دوبارہ زندہ جنرل پرویز مشرف نے کیا،ایم کیو ایم کو جن لوگوں نے بنایا وہی اس کا خاتمہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف چھوڑنے پر کچھ لوگ ناراض ہو گئے تھے۔

مزید : قومی