لاہور چیمبر کاٹیج انڈسٹری کے مسائل حل کرانے کی بھرپور کوشش کررہا ہے: ناصر حمید خان

لاہور چیمبر کاٹیج انڈسٹری کے مسائل حل کرانے کی بھرپور کوشش کررہا ہے: ناصر ...

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے کہا ہے کہ لاہور چیمبرکاٹیج انڈسٹری کو درپیش مسائل حل کرانے کی بھرپور کوشش کررہا ہے، حکومت کو اس اہم شعبے کی بحالی و بہتری کی طرف فوری توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری کے چیئرمین غلام سرور ملک سے لاہور چیمبر میں ملاقات کے موقع پر کیا۔ محمد ناصر حمید خان نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی طرف توجہ دیکر حکومت غربت اور بے روزگاری کے خاتمے سمیت بہت سے معاشی مسائل حل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے روزگاری کے خاتمے میں کاٹیج انڈسٹری بہت اہم کردار ادا کرسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے یہ اہم شعبہ نظر انداز ہوتا رہا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں کاٹیج انڈسٹری کو بہت اہمیت حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ہاتھ سے بنے ہوئے قالین، ایمبرائڈری ورک، براس ویئر اور روایتی چوڑیوں کی بہت طلب ہے۔انہوں نے کہا کہ لارج سکیل انڈسٹریز کی نسبت شہری اور دیہاتی علاقوں میں کاٹیج انڈسٹری کم وسائل سے زیادہ فروغ پاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاٹیج انڈسٹری کی مدد سے دیہی علاقوں کے لوگوں کو روزگار ملے گا اور اُن علاقوں سے شہری علاقوں کی طرف منتقلی کے رحجان میں بھی کمی آئے گی جس سے شہری آبادی میں تعلیم، ٹرانسپورٹ اور صحت وغیرہ کے مسائل حل ہونگے۔

لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملک کے وسیع تر مفاد میں کاٹیج انڈسٹری کے وابستہ لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے جدوجہد کرتا رہے گا۔ چیئرمین آل پاکستان کاٹیج انڈسٹری غلام سرور ملک نے اپنے خطاب کے دوران حکومت پر زور دیا کہ جب تک مقبوضہ کشمیر میں قتل عام بند نہیں ہوتا بھارت سے تجارت بند ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم 10افراد پر مشتمل انڈسٹری کو کاٹیج انڈسٹری کا درجہ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پچاس لاکھ سالانہ ٹرن اوور کو بڑھاکر دو کروڑ والی صنعت کو کاٹیج انڈسٹری کا درجہ دلوایا جائے اور سالانہ آمدن کی مد میں 8لاکھ کی چھوٹ دی جائے کیونکہ گرانی مہنگا ئی درمہنگائی کی وجہ سے اب یہ ضروری ہوگیا ہے اس کی مد میں چھوٹ دی جائے۔

مزید : کامرس