مستقبل روشن کرنے کے لئے گاؤں گاؤں بچوں کو تعلیم دینا لازمی ہے ‘ شہزاد رائے
لاہور ( این این آئی) نامور گلوکار شہزاد رائے نے کہا ہے کہ پاکستان کے مستقبل کو روشن کرنے کے لئے گاؤں گاؤں بچوں کو تعلیم دینا لازمی ہے ، جب تک پاکستان کا ہر بچہ تعلیم یافتہ نہیں ہو جاتا اس وقت تک پاکستان کے مستقبل کو ہم روشن نہیں کہہ سکتے ۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مشینوں اور کمپیوٹر کے آجانے سے ہم ترقی یافتہ ممالک میں شامل نہیں ہو سکتے بلکہ اس کے لئے ضروری ہے کہ تعلیم کے میدان میں دوسرے ممالک سے آگے نکلیں اور خود ہمارے بچے مستقبل میں جا کر ڈاکٹر عبدالقدیر جیسے سائنسدان کے طور پر دنیا میں اپنا نام پیدا کر سکیں ۔
شہزاد رائے نے کہا کہ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ خدا کی ذات نے ہمیں ڈاکٹر عبدالقدیر جیسا محسن دیاجس نے آج پاکستان کی سرحدوں کو محفوظ بنا دیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدالتی فیصلے کے بعد پاکستان میں ہر شعبے میں اردو زبان کو لازمی ہونا چاہیے اور اس کے لئے موجودہ حکومت کو فوری اقدامات کرنا ہوں گے تاکہ لوگوں کو اپنے حقوق کے بارے میں شعور حاصل ہو سکے ۔