پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام "القرآن"کی سلور جوبلی تقریب

پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام "القرآن"کی سلور جوبلی تقریب
 پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام

  

لاہور(فلم رپورٹر)پاکستان ٹیلی ویژن کے معروف پروگرام "القرآن"کی سلور جوبلی کے موقع پر" صوۃ القرأ انٹرنیشنل پاکستان "کے چیئرمین قاری سیّد صداقت علی نے پی سی ہوٹل لاہور میں ایک پر وقار سلور جوبلی ایوارڈتقریب کا اہتمام کیا ۔ تقریب میں شریک وفاقی وزیرِ مذہبی امورسردار محمد یوسف نے پانچویں جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک ترجمہ کے ساتھ قرآن مجید کی تعلیم کو لازمی قرار دینے اور پی ٹی وی اورریڈیو پاکستان پر پانچوں وقت کی اذانین دینے کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کی ہے ۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ میں پی ٹی وی اور قاری صداقت علی کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ ان کی کوششوں سے لاکھوں افراد نے قران مجید پڑھنا سیکھا ۔جمعیت العلمائے اسلام کے سربراہ اور کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ قیامِ پاکستان اور قرآن مجید کے درمیان گہرا تعلق ہے ،قرآن مجید کا نزول بھی رمضان المبارک میں ہوا اور پاکستان بھی ستائیس رمضان المبارک کو ہی معرضِ وجود میں آیا ۔انہوں نے کہا کہ اس نسبت سے پاکستان کے قومی چینل پی ٹی وی کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ قرآن مجید کی ترویج کیلئے زیادہ سے زیادہ وقت دے ۔

وفاقی وزیر برائے ہاوسنگ اینڈ ورکس اور خیبر پختونخواہ کے سابق وزیراعلیٰ اکرم خان درانی نے پروگرام "القرآن"کو سراہتے ہوئے اسے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنے پر زور دیا ۔جنرل منیجرلاہور سینٹر بشارت خان نے کہا کہ پاکستا ن کا قیام اسلام کے نام پر ہوا اور پاکستان ٹیلی ویژن پاکستان کی نظریاتی اساس کا امین ہے ۔تقریب کے اختتام پر پروڈکشن ٹیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے چیئرمین "صوۃ ا لقرأ "قاری سیّدصداقت علی ،وفاقی وزیر مذہبی امور سردارمحمد یوسف ،جے یوپی کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن اورڈائریکٹر جنرل ایران خانہ فرہنگ اکبر برخورداری نے ایوارڈز تقسیم کئے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایرا ن مرجانی نژاد، صفدر علی محسن،سابق جی ایم پی ٹی وی فرخ بشیر،سابق ڈی سی او سجاد احمد بھٹہ ،سابق سیکریٹری محکمہ اوقاف جاوید اقبال،پی ٹی وی کے ڈائریکٹر آئی ٹی فخر حمید ،منیجر آئی ٹی لاہور اوراندرون بیرون ممالک سے لوگوں نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی ۔

مزید : کلچر