ڈینگی کی افزائش کے امکانات، متعلقہ محکموں کو سر ویلنس تیز کر نیکی ہدایت

ڈینگی کی افزائش کے امکانات، متعلقہ محکموں کو سر ویلنس تیز کر نیکی ہدایت

لاہور(جنرل رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر وایڈ منسٹریٹرکینٹ سارہ حیات نے کہا ہے کہ موسم کے حالیہ تغیر کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش کے اقدامات بڑھ گئے ہیں ۔تمام متعلقہ محکمے اور انسداد ڈینگی سکواڈ مزید الرٹ ہوکرلاروا تلف کرنے کے لیے پبلک و کمرشل مقامات اور گھر گھر جا کر سرو یلنس یقینی بنائیں اور بچاؤ کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کریں۔انہوں نے یہ بات انسداد ڈینگی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (کینٹ) ڈاکٹر آصف اقبال،سینئر انٹا مالوجسٹ انعام الحق،مختلف تعلیمی اداروں کے سر براہا ن ،ڈی ایچ اے،آرمی ،محکمہ صحت ،تعلیم ،فشریز ،کو آپریٹو اور انسداد ڈینگی سکواڈ کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اے سی کینٹ سارہ حیات نے کہا کہ لوگوں کو ڈینگی مچھر سے محفوظ رکھنے کے لئے مشترکہ کوششیں کی جائیں اور ڈینگی لاروا کا تدارک یقینی بنا یا جائے۔ سارہ حیات نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ انسداد ڈینگی مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کے لئے انڈور اور آؤٹ ڈور سرویلنس باقاعدگی سے جاری رکھیں ۔ خالی پلاٹوں ،چھتوں ،گملوں اور فریج ٹرے جیسی ڈینگی لاروا کی افزائش کے مقامات پر کڑی نگاہ رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم کو کامیاب بنانے کے لئے تمام شہری بھر پور کردار ادا کریں ،اپنے گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں تا کہ اس موذی مچھر سے محفوظ رہا جا سکے ۔انہو ں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں زیرو پیریڈ کا انعقاد، ڈینگی کے حوالے سے آگاہی سیمینار میں طلبا و طالبات ،والدین ،عوامی نمائندوں اور شہریوں کی کثیر تعداد میں شرکت یقینی بنائی جائے تا کہ انہیں ڈینگی کے خطرات اور بچاؤ کی تدابیر سے آگاہ کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں قائم ریسٹورانٹس ،ٹائر شاپس ،کمیونٹی سنٹر ،ورکشاپوں ،قبر ستانوں اور دیگر پبلک مقامات پر اینٹی ڈینگی ریگولیشنرز پر عملدر آمد ہر صورت یقینی بنایا جائے اور خلاف ورزی کرنے والے افراد کو نوٹسز جاری کئے جائیں جبکہ مقررہ مدت کے بعد بھی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلا ف ایف آئی آر درج کی جائیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1