نئی نسل کو قومی ترانے کی اہمیت سے رو شناس کرایا جائے، ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی

نئی نسل کو قومی ترانے کی اہمیت سے رو شناس کرایا جائے، ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی

لاہور (اپنے خبر نگار سے) نسل نو کو قومی ترانے کی اہمیت سے روشناس کرانے کی خاطر مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ یہ ترانہ ہمارے ماضی‘ حال اور مستقبل کا عکاس ہے۔ اس کے خالق ابوالاثر حفیظ جالندھری کی حیات و خدمات سے آگہی حاصل کرنا بھی ہر پاکستانی پر لازم ہے ان خیالات کا اظہار ’’قومی ترانہ فاؤنڈیشن‘‘ کے چیئرمین ڈاکٹر عزیز احمد ہاشمی نے گزشتہ روز ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سے ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل مقصد نسلِ نو کی کردار سازی ہے کیونکہ اسی نے مستقبل میں اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ’’قومی ترانہ فاؤنڈیشن‘‘ نے فیصلہ کیا ہے کہ 14 جنوری 2017ء کو صبح دس بجے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے اشتراک سے قومی ترانے کے خالق ابوالاثر حفیظ جالندھری کے یوم ولادت کو شایان شان طریقے سے منایا جائے۔ اس سلسلے میں اس دن فاؤنڈیشن کی مجلس شوریٰ کا ایک اہم اجلاس ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں کیا جائے گا جس میں 25 ارکان شریک ہوں گے۔ اجلاس کے دوران قومی ترانے کے خالق کے حالات زندگی پر روشنی ڈالی جائے گی نیز ان کی قومی و ملی خدمات کا تذکرہ ہو گا۔ بعد ازاں وائیں ہال میں 48 طلبا و طالبات کے مابین قومی ترانے کو صحیح تلفظ کے ساتھ پڑھنے کا مقابلہ ہو گا جس میں اول‘ دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو ’’عزم عالیشان میڈلز‘‘ دیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں ’’قومی ترانہ فاؤنڈیشن‘‘ کے مرکزی دفتر کے قیام کے لیے کوششوں کا آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ فاؤنڈیشن کے اغراض و مقاصد کے حصول کی خاطر زیادہ موثر انداز میں کام کیا جا سکے۔شاہد رشید نے ’’قومی ترانہ فاؤنڈیشن‘‘ کی قوم ساز سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے یقین دلایا کہ اس ادارے کو اپنی سرگرمیوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کا بھرپور تعاون حاصل رہے گا۔انہوں نے قومی ترانے کے خالق ابوالاثر حفیظ جالندھری کے یوم ولادت پر تقریبات کے انعقاد اور ان میں نسل نو کے نمائندوں کی شمولیت کو ایک احسن اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک پاکستان کے مشاہیر کی حیات و خدمات کو اجاگر کرنے سے پاکستانی قوم بالخصوص نئی نسل میں حب الوطنی کے جذبات بیدار ہوتے ہیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1