حکومت شعبہ صحت کی بہتری کیلئے غیر سنجیدہ ہے،ڈاکٹر عبدالمالک

حکومت شعبہ صحت کی بہتری کیلئے غیر سنجیدہ ہے،ڈاکٹر عبدالمالک

لاہور( جنرل رپورٹر)پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن (پیما) کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبد المالک نے وزیر اعظم کے صحت کے شعبہ کے حوالے سے حالیہ بیان پر افسوس کا اظہار کیا ہے کہ حکومت صحت کے شعبے کی بہتری کے حوالے سے غیر سنجیدہ ہے۔ محض آنسو بہانا مسائل کا حل نہیں بلکہ صحت کے بجٹ میں اضافہ کر کے مریضوں تک علاج معالجے کی سہولیات بہم پہنچانا حکمرانوں کی اصل ذمہ داری ہے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمران محض زبانی نعروں اور دعووں کے ذریعہ عوام کو لالی پاپ دینے کی پالیسی پر عمل پیرا نظر آتے ہیں۔اتنے سالوں تک حکومت کرنے کے باوجود بھی عوام کی حالت بد سے بدتر ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم جب عوام کے پاس جاتے ہیں تو فرماتے ہیں کہ ’’صحت پر آدھا بجٹ خرچ کیا جا سکتا ہے‘‘ لیکن عملاً گزشتہ کئی سالوں سے اقتدار میں رہنے کی باوجود وہ صحت کے بجٹ کو ایک فیصد سے بھی بڑھا نہیں پائے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1