نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا، رانا مشہود احمد

نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہوگا، رانا مشہود احمد

لاہور(خبرنگار) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی خوشحالی کے لئے نوجوان نسل کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہو گا۔ نوجوان پاکستان کا روشن مستقبل ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق پنجاب حکومت نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے انقلابی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔صوبائی وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اراکین اسمبلی و کارکنوں سے ملاقات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی شکل میں روشن اور مستحکم پاکستان دیکھ رہا ہوں۔ پنجاب حکومت وزیر اعلیٰ محمد شہباز شریف کی قیادت میں صوبہ بھر میں فروغ تعلیم اورجہالت کے خاتمے کو یقینی بنانے کے لئے بھر پور ،ٹھوس اور مثالی اقدامات کر رہی ہے ۔صوبہ میں تعلیم کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے ۔ ہر سال ہزاروں اساتذہ کی میرٹ پر تقرری ،اساتذہ کا تربیتی پروگرام، سکولوں و کالجوں کی تعداد میں اضافہ ،سائنس و کمپیو ٹر لیبارٹریوں کا قیام ،نمایاں کارکردگی کے حامل اساتذہ اور طلباء وطالبات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم،غیر ملکی مطالعاتی دورے اور ٹاپ پوزیشنز حاصل کرنے والے سٹوڈنٹس کو گارڈ آف آنر پنجا ب حکومت کا تعلیم کے شعبہ میں سنجیدہ کاوشوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت تعلیم کے شعبہ میں بہتری کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، نوجوان ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ ا ن کا کہنا تھا کہ محنت ، لگن اور معیاری تعلیم حاصل کر کہ ہی معاشرے میں با وقار مقام حاصل کیا جا سکتا ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4