ٹریفک شعور کی خاطر ’’ہفتہ ایجوکیشن ‘‘کے پہلے روز معمولی خلاف ورزی پر چالان نہیں کئے گئے

ٹریفک شعور کی خاطر ’’ہفتہ ایجوکیشن ‘‘کے پہلے روز معمولی خلاف ورزی پر ...

 لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ شہریوں میں ٹریفک شعور بیدار کرنے کیلئے"ہفتہ ایجوکیشن " کے پہلے روز ٹریفک قوانین کی معمولی خلاف ورزی کرنے والوں کو ان کی غلطی کا احساس دلاتے ہوئے چالان کی بجائے بھرپور طریقے سے ایجوکیٹ کیاگیا۔اٹلس ہنڈا کے تعاون سے شروع کی جانیوالی ایجوکیشن مہم کے پہلے روز شہریوں میں دس ہزار سے زائد پمفلٹ تقسیم کئے گئے،جبکہ سکولوں کے بچوں اور اچھے ڈرائیوروں میں پھول اورگٖفٹ تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ پمفلٹوں پر اوورسپیڈنگ،ون ویلنگ،درست نمبر پلیٹ ،کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی ،لین لائن،زیبراکراسنگ ،ہیلمٹ،اوورلو ڈنگ اور ٹریفک لائٹس کے مطابق سگنلز کراس اور دیگر احتیاطی سلوگن اور پیغامات درج ہیں۔اس کے علاوہ شہر کی معروف سڑکوں پر آگاہی اسٹیمرز بھی آویزں ہیں، جن پر اطلاعی اور ضروری ہدایات درج ہیں۔چیف ٹریفک آفیسر کی ہدایت پر"ہفتہ ایجوکیشن" کے حوالے سے سٹی ٹر یفک ریڈیوFM88.6پرخصوصی ٹرانسمیشن کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ طیب حفیظ چیمہ نے سرکل افسران کے ہمراہ ہفتہ ایجوکیشن کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا اور سیکٹر انچارجوں کو ہدایت کی کہ پبلک ایڈریس سٹم کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ"ہفتہ ایجوکیشن"کا مقصد شہریوں میں ٹریفک شعور بیدار کرتے ہوئے ٹریفک قوانین کا احترام اورقوانین کی بالاستی قائم کر نا ہے،اس آگاہی مہم میں پولیس کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بھی اپنا کردار ادا کر نا ہوگا۔ سی ٹی او نے اساتذہ ،والدین اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے حلقہ احباب میں ایک دوسرے کو ٹریفک آگاہی بارے ایجوکیٹ کریں۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ ہفتہ ایجوکیشن کے دوران معمولی خلاف ورزی پر ایجوکیٹ اور صرف سنگین خلاف ورزی پر چالان جاری رہیں گے۔

مزید : علاقائی