پی آئی اے سیاحتی علاقوں کیلئے ایئر سفاری سروس اور رعایتی ٹکٹ متعارف کرائے :مینجنگ ڈائریکٹر پی ٹی ڈی سی

پی آئی اے سیاحتی علاقوں کیلئے ایئر سفاری سروس اور رعایتی ٹکٹ متعارف کرائے ...

 اسلام آباد(اے پی پی) منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن(پی ٹی ڈی سی) چوہدری عبدالغفور نے کہا ہے کہ سیاحتی صنعت کے فروغ میں پی آئی اے اور پی ٹی ڈی سی اہم سٹیک ہولڈرز ہیںِِ پی آئی اے سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحتی علاقوں کے لئے ایئر سفاری سروس کا آغاز اور رعائیتی ٹکٹس متعارف کرائے۔وہ پیر کو پی آئی اے کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ڈاکٹر خرم مشتاق کے ساتھ ملاقات کے دوران بات چیت کر رہے تھے ۔ایم ڈی پی ٹی ڈی سی چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ پی آئی اے کا ساؤتھ ایشیاء میں ایئر لائن کی دنیا میں بانی ایئر لائنوں میں شمار ہوتا ہے اور پی آئی اے نے سیاحت کے حوالے سے بھی پی ٹی ڈی سی کے اہداف کے حصول میں کافی حد تک مدد کی ہے ۔انہوں نے تجویز دی کہ پی آئی اے سیاحت کے فروغ کے لئے سیاحتی علاقوں کے لئے ایئر سفاری سروس کا آغاز کرے اور رعائیتی ٹکٹس متعارف کرائے تا کہ مقامی اور بین الاقوامی سیاحوں کی زیادہ سے ذیادہ تعداد پاکستان کے سیاحتی مقامات کا رخ کرے ۔انہوں نے کہا کہ پی آئی اے بیرون ممالک میں اپنے دفاتر میں پی ٹی ڈی سی کے سیاحت کے فروغ کے حوالے سے تشہیری مواد رکھے ۔ڈائریکٹر مارکیٹنگ پی آئی اے نے ایم ڈی پی ٹی ڈی سی کو یقین دہانی کرائی کہ پی آئی اے سیاحت کے فروغ کے لئے پی ٹی ڈی سی کے ساتھ مکمل تعاون کریگی اور ایئر سفاری کے حوالے سے تجویز پر بھی غور کیا جائے گا ۔

مزید : کامرس