انٹر سکول و انٹر کالج گیمز یکم سے پانچ نومبر تک لاہورمیں ہونگی

انٹر سکول و انٹر کالج گیمز یکم سے پانچ نومبر تک لاہورمیں ہونگی

لاہور ( سپورٹس رپورٹر ) ساتویں انٹر سکول و انٹر کالج گیمز یکم سے پانچ نومبر تک لاہورمیں ہوں گی، ایونٹ میں 235 سکولوں اورکالجز کی ٹیمیں 30 کھیلوں کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔ ان خیالات کا اظہارپنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خواجہ ادریس نے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پرپاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود ،آرگنائزنگ سیکرٹری تانیہ ملک اور ڈی جی سپورٹس ذوالفقار گھمن بھی موجودتھے۔ خواجہ ادریس نے بتایا کہ انٹر سکول کالج گیمز اجراء 2008 ء میں کیا گیا تھا جس کا مقصد گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی تھا۔

انہوں نے کہاکہ ایونٹ میں 235 سکول اورکالجز کی ٹیمیں شرکت کریں گی جن میں زیادہ تعداد پرائیویٹ اداروں کی ہے، ایونٹ کے ہر کھیل کے بہترین کھلاڑی کو پانچ ہزارروپے انعام دیا جائے گا تاکہ بچوں میں کھیلوں کا شوق پیدا ہو۔ان کا کہنا تھاکہ یکم نومبر کو افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل آصف سعید منہیس جبکہ پانچ نومبر کو سیکرٹری سپورٹس پنجاب نیئر اقبال ہوں گے۔ ڈی سپورٹس ذوالفقار گھمن نے اس موقع پر اعلان کیا کہ بہت جلد پورے صوبے میں انٹر سکول وکالج گیمز کا انعقاد کیا جائے گا سپورٹس بورڈ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن اور کھیلوں کی تنظیموں کے ساتھ مل کر کھیلوں کے فروغ کیلئے کام کرے گی۔ ان کا کہنا تھاکہ پنجاب اولمپک نے اپنے دفتر کے معاملے کا مجھ سے ذکر نہیں کیا تاہم اس معاملے کو مل کرحل کرلیں گے، ایونٹ کے انعقاد کیلئے پی او اے سے ہرقسم کاتعاون کریں گے۔ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود نے کہاکہ انٹر سکول کالج گیمز کھیلوں کی نرسری کیلئے اہم کردار اداکررہے ہیں جس پر پی او اے منتظمین کو مبارکباد دیتی ہے ۔ آرگنائزنگ سیکرٹری تانیہ ملک نے کہاکہ انٹر سکول کالجز گیمز سپورٹس سے وابستہ افراد کے روزگار کا ذریعہ بنی جس پر خوشی ہے جبکہ تعلیمی اداروں کے سربراہوں کا بھی اچھا رسپانس مل رہا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی