جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کا پہلا ٹیسٹ 3 نومبر سے شروع ہو گا

جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کا پہلا ٹیسٹ 3 نومبر سے شروع ہو گا

پرتھ(اے پی پی) جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 3 نومبر سے پرتھ میں شروع ہو گا۔ اس سے قبل جنوبی افریقن کرکٹ ٹیم اور کرکٹ آسٹریلیا الیون کے درمیان کھیلا گیا دو روزہ ٹور میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا ۔ اے بی ڈی ویلیئرز کی عدم موجودگی میں ڈوپلیسی ٹیم کی قیادت کے فرائض انجام دے رہے ہیں، ڈی ویلیئرز کہنی کی سرجری کے باعث دورہ آسٹریلیا سے باہر ہیں تاہم وہ کینگروز کے خلاف شیڈول تاریخی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ میں ملک کی نمائندگی کیلئے پر عزم ہیں تاہم اس کا انحصار ان کی صحت پر ہو گا۔ ڈی ویلیئرز کہنی کی انجری کے باعث عالمی چیمپئن آسٹریلیا کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز میں بھی ٹیم کی نمائندگی نہیں کر سکے تھے اور میزبان پروٹیز نے کینگروز کو سیریز میں 5-0 سے وائٹ واش کیا تھا۔ اپنے ایک بیان میں جنوبی افریقن قائد نے کہا کہ کینگروز کے خلاف ون ڈے سیریز میں یادگار فتح کے بعد کھلاڑیوں کا مورال بلند ہوا ہے، ون ڈے سیریز میں بدترین شکست کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی ہوم ٹیسٹ سیریز کے دوران بھی ذہنی طور پر دباؤ میں ہوں گے اسلئے ہمارے پاس اسے اس کی سرزمین پر زیر کرنے کا نادر موقع ہے اور ہدف کے حصول کیلئے کھلاڑیوں کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 3 نومبر سے شروع ہو گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 12 سے 16 نومبر جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 نومبر تک کھیلا جائے گا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی