دارالحکومت میں فٹسال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں:سلیم چوہدری

دارالحکومت میں فٹسال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں:سلیم چوہدری

اسلام آباد(اے پی پی) اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر محمد سلیم چوہدری نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں فٹسال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اسلام آباد انٹرکلب فٹ سال چیمپئن شپ آئندہ ماہ اسلام آباد میں کھیلی جائے گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فٹسال بھی فٹ بال کے کھیل کا ایک حصہ ہے اور اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس گذشتہ دنوں منعقد ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسلام آباد انٹرکلب فٹ سال چیمپئن شپ آئندہ ماہ اسلام آباد میں کھیلی جائے گی جس میں اسلام آباد کی بہترین 38 رجسٹرڈ ٹیمیں حصہ لیں گی جن کو چھ گروپوں میں تقسیم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن شپ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اور فیفا قوانین کے تحت کھیلی جائے گی۔ چیمپئن شپ کی تیاری کے حوالے سے مقابلہ جات کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے ہوگا جس میں چیمپئن شپ کے انتظامات اور باقاعدہ تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈر10- اور انڈر 14- بچوں کو تفریحی مہیا کرنے کیلئے اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام فٹ بال کے مقابلے جنوری میں کروائے جائیں گے جس میں مختلف سکولوں کے بچے شرکت کریں گے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی