عمران کے دھرنے میں شرکت کا ارادہ نہیں ،پکڑ دھکڑ ہوئی تو میدان میں کود سکتے ہیں :اعتزاز احسن

عمران کے دھرنے میں شرکت کا ارادہ نہیں ،پکڑ دھکڑ ہوئی تو میدان میں کود سکتے ...

لاہور(اے این این) سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کا عمران کے دھرنے میں شرکت کا ارادہ نہیں ،پکڑ دھکڑ ہوئی تو میدان میں کود سکتے ہیں ،نواز شریف احتساب سے بھاگ رہے ہیں ،کسی ادارے نے پانامہ لیکس انکوائری میں مدد نہیں کی،کسی اور شخص کی جائیداد بیرون ملک ہوتی تو کب کا گرفتار ہو چکا ہوتا۔لاہور میں ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ احتجاج ہر کسی کا حق ہے اور عمران خان کی جانب سے نواز شریف کے احتساب کا مطالبہ درست ہے۔ہم خود بھی چاہتے ہیں کہ سب سے پہلے نواز شریف کا احتساب ہو۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تحریک انصاف کے دھرنے میں شریک نہیں ہوگی تاہم م تحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد یا لاٹھی چارج پر نظر رکھیں گے اگر حکومت نے تحریک انصاف کے کا رکنوں پر تشدد کیا یا ان کے رہنماؤں کی پکڑ دھکڑ کی تو ہم اپنی پالیسی تبدیل کر کے میدان میں آ سکتے ہیں اور دھرنے میں شامل ہو سکتے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ عمران خان پاناما لیکس کے حوالے سے احتجاج میں برحق ہیں۔اعتزاز احسن نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ عمران خان درست راستے پر جارہے ہیں اور ان کا نقطہ نظر درست ہے۔نیب،ایف آئی اے،ایس ای سی پی اور ایف بی آرنے پاناما لیکس کی انکوائری میں مدد نہیں کی کیونکہ تمام ادارے وزیر اعظم کے تابع ہیں اس لیے کارروائی نہیں ہورہی جبکہ کسی اور شخص کی جائیداد بیرون ملک ہوتی تو کب کا گرفتار ہو چکا ہوتا،انہوں نے مزیدکہاکہ نواز شریف احتساب سے بھاگ رہے ہیں۔اربوں روپے کی جائیداد کے بارے میں ان کے بچوں کے بیانات میں تضاد پایاجاتا ہے۔وہ سمجھتے ہیں کہ احتساب وزیراعظم نواز شریف سے شروع ہونا چاہئے۔ نواز شریف کو خود کو احتساب کے لیے پیش کرنا ہی پڑے گا۔

مزید : صفحہ اول