آصف زرداری کا مسلم لیگ ن کی قیادت کے ساتھ ملنے سے صاف انکار
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کی قیادت سے ملنے سے انکار کر تے ہوئے انہیں بلاول بھٹو سے ملنے کا مشورہ دے دیا۔نجی نیوز چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق لندن میں مقیم لیگی قیادت نے آصف علی زرداری سے رابطہ کیا اور ملاقات کی خواہش ظاہر کی جس پر انہوں نے ملاقات سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی بات کرنی ہے ،وہ بلاول بھٹو کے ساتھ کی جائے۔ان کا کہنا ہے کہ بلاول کی جانب سے چار مطالبات پورے ہونے کے بعد ہی ملاقات ممکن ہے۔واضح رہے کہ بلاول بھٹو نے حکومت کے سامنے چار مطالبات رکھے ہوئے ہیں جن میں قومی سلامتی کی پارلیمانی کمیٹی میں ترمیم ،پیپلز پارٹی کی جانب سے پاناما بل کے مسودے کی منظوری ،وزیر خارجہ کی تعیناتی اور سی پیک کی قرار داد پر عملد رآمد شامل ہیں ۔