پاک چین دوستی مستقبل میں میڈیا کیساتھ تعاون کے فروغ کی مزید راہیں تلاش کریگی :چینی سفیر

پاک چین دوستی مستقبل میں میڈیا کیساتھ تعاون کے فروغ کی مزید راہیں تلاش کریگی ...

اسلام آباد(تجزیہ نگار خصوصی)پاکستان میں چین کے سفیر سن وی ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی دیگر شعبوں کی طرح مستقبل میں میڈیا کیساتھ تعاون کے فروغ کی مزید راہیں تلاش کریگی اور ہمارا تعاون نئی بلندیوں پر پہنچے گا،وہ گزشتہ روز سی پی این ای کے اعزاز میں چینی سفارتخانے میں دیے گئے عشائیے کے موقع پر گفتگو کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ جس طرح چین معاشی اور سکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان سے تعاون کررہا ہے اسی طرح چین میڈیا سے تعاون کو بھی اہمیت دیتا ہے کیونکہ پاکستان میں میڈیا بہت پھیلا ہوا ہے جبکہ چین میں بھی میڈیا تیزی سے ترقی کررہا ہے انہوں نے کہا کہ چین میں 3 ہزار اخبارات10 ہزار میگزین شائع ہوتے ہیں ،چین اور پاکستان کے میڈیا میں تعاون کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے،انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے میڈیا کے تعاون سے چین اور پاکستان کی دوستی نئی بلندیوں پر پہنچے گی، انہوں نے کہا کہ اگرچہ پاکستان اور چین کی دوستی آزمودہ ہے جو ہمالیہ کے پہاڑوں سے بلند اورسمندروں سے گہری ہے اور پوری دنیا میں چین کے پاکستان کے ساتھ تعلقات منفرد نوعیت کے ہیں،چین کے پاکستان سے دوستی کے جو تعلقات ہیں وہ کسی اور ملک کے ساتھ نہیں ہیں ، معاشی تعاون کیساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر اور علاقائی سطح پر تمام فورم پر چین اور پاکستان کے مابین گہرا تعاون ہے جس کا ثبوت اقوام متحدہ میں آسیان اور شنگھائی کانفرنس جیسے فورم پر ملتا ہے۔چین اور پاکستان کی دوستی اچھے اور برے وقت میں جاری رہتی ہے اب چین اور پاکستان کی دوستی کو ایک نئی بلندی ملی ہے جسکی وجہ سے چین اور پاکستان کو’’ آہنی برادرز‘‘ کہا جاتا ہے یہ دوستی فولاد کی طرح مضبوط ہے جبکہ چینی صدر کے گزشتہ سال کے دورہ پاکستان کے موقع پر اس دوستی نے نئی بلندیوں کو چھوا ہے اس موقع پر پاکستان میں سی پیک کے معاہدوں کا آغاز ہوا ،جب پاکستان پر کوئی مشکل آن پڑتی ہے تو چین اسکی مدد کرتا ہے اور چین کو جب کوئی مسئلہ درپیش ہوتا ہے تو پاکستان اسکی مدد کرتا ہے گزشتہ سال چین میں سیلاب کی تباہی کے بعد پاکستان نے چین کی بھرپور مدد کی،پاکستان اور چین کے تعلقات انتہائی مخلصانہ ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے انہوں نے عشایئے کے موقع پرانگلش میں مختصر تقریر کے آخر میں اردو میں پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔

مزید : صفحہ اول


loading...