اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کرنیوالے پاکستان کی تباہی کا ایجنڈا لے کر چل رہے ہیں :شہباز شریف

اسلام آباد بند کرنے کا اعلان کرنیوالے پاکستان کی تباہی کا ایجنڈا لے کر چل رہے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دھرنے ، احتجاج اور شہروں کو بند کرنے والے ایک مرتبہ پھر ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کو روکنے کی راہ پر چل نکلے ہیں۔ ایسے عناصر کو ملک کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل سے کوئی سروکار نہیں بلکہ ملک کی تباہی اور بین الاقوامی سطح پر جگ ہنسائی ان کا اصل ایجنڈا ہے۔ عوام یہ پوچھنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر وہ کس کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں اور کیوں ملک میں افراتفری پھیلا کر ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں۔ منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ شکست خوردہ عناصر پے درپے ناکامی کے بعد بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور ہر وہ غیر جمہوری اقدام اٹھانے کے درپے ہیں جس سے ملک میں جمہوری نظام کمزور ہو اور ترقی کا عمل رک جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ عناصر ہیں جنہوں نے گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران انتشار کی سیاست کو ہی پروان چڑھایاہے اور اپنے اسی منفی رویے سے آج وہ سیاسی میدان میں تنہا کھڑے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درحقیقت شہروں کو بند کرنے والے سی پیک، توانائی کے منصوبوں، موٹرویز اور صنعت و حرفت کے ان منصوبوں کے خلاف ہیں جس سے عوام کو روزگار کے مواقع حاصل ہوں گے اور ملک ترقی کرے گا۔ یہ عناصر خائف ہیں کہ اگر آئندہ 18 ماہ میں یہ منصوبے مکمل ہو گئے تو انہیں ایک مرتبہ پھر شکست کی دھول چاٹنی پڑے گی، یہی وجہ ہے کہ وہ ایک مرتبہ پھر شہروں کو بند کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ دھرنا سیاست والوں کے پاس نہ تو ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کا کوئی ایجنڈا ہے اور نہ ہی وہ سیاسی اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔ ان کا ایجنڈا صرف اور صرف ملک میں افراتفری اور منفی سیاست کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کو منفی سیاست ترک کر کے اپنے غیرجمہوری طرز عمل پرنظر ثانی کرنی چاہیے اور پاکستان سے دشمنی کی روش چھوڑ دیناچاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے اور ہم سب نے اسے مل کر ہی سنوارنا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے اسلام آباد میں برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے ملاقات کی،ملاقات میں پنجاب میں سکیورٹی اور امن و امان کی بہتری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تبادلہ خیال کیاگیا۔برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی و انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی قیادت میں پنجاب حکومت نے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے لائق تحسین اقدامات کئے ہیں اوردہشت گردی و انتہاپسندی کے خلاف پنجاب حکومت نے موثر قانون سازی کی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔برطانیہ کے نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر سر مارک لائل گرانٹ نے کہا کہ برطانوی حکومت پنجاب میں دہشت گردی وانتہاء پسندی کے خاتمے کے اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اوراس ضمن میں پنجاب حکومت کو برطانیہ کا مکمل تعاون حاصل رہے گا۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کیخلاف جاری جنگ میں افواج پاکستان، پولیس اور سکیورٹی اداروں کے افسروں اورجوانوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور سیاسی اور عسکری قیادت کی مشترکہ جدو جہد سے دہشت گردی پر قابو پانے کے اقدامات کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔ دہشت گردی اقوام عالم کا مشترکہ مسئلہ ہے جس سے ہم سب نے مل کر عہدہ برآ ہونا ہے۔آپریشن ضرب عضب اور نیشنل ایکشن پلان پر موثر عملدرآمد کے باعث پاکستان ایک پرامن اور محفوظ ملک بن چکا ہے۔ وزیر اعلی نے کہاکہ سماجی ترقی اور سکیورٹی اداروں کی تربیت کیلئے برطانیہ کا تعاون قابل تحسین ہے۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس سلسلے میں برطانیہ کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ مختلف شعبوں میں پاکستان اور برطانیہ کے مابین باہمی راوبط کے فروغ کیلئے کی جانیوالی دو طرفہ کوششوں سے تعلقات میں اضافہ ہورہاہے۔برطانوی سفیر تھامس ڈریو نے پنجاب میں ترقی،خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے حکومت کی کوششوں کی تعریف کی اوربالخصوص دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قانون سازی ، خواتین کی ترقی اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے اقدامات کو سراہا۔ پاکستان میں برطانوی سفیر تھامس ڈریو، نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) ناصر خان جنجوعہ،صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ،چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پولیس پنجاب اور چیئرمین ٹاسک فورس برائے انفارمیشن اینڈ کلچر محمد مالک بھی اس موقع پر موجود تھے۔

مزید :

صفحہ اول -