شہر کھلے رہنے سے ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے گا،گورنر پنجاب

شہر کھلے رہنے سے ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے گا،گورنر پنجاب

لاہور،بہاول پور( نمائندہ خصوصی)گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ شہر بند کرنے سے تعمیر و ترقی کا عمل رک جاتا ہے ۔شہر کھلے رہیں گے تو تعمیر وترقی کے ثمرات سے شہریوں کو بہرہ مند کیا جا سکے گا۔ جو صاحبان عدالت میں گئے ہوئے ہیں اور معاملات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں پھرقوم یہ پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ دھرنے دینے اور شہر بند کرنے کا کیا جواز ہے۔یہ بات انہوں نے سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں اراکین اسمبلی، منتخب بلدیاتی نمائندگان اور مسلم لیگی کارکنان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پرصوبائی وزیر امداد باہمی ملک محمد اقبال چنڑ، ایم این اے جاوید علی شاہ، مخدوم سید علی حسن گیلانی،مسز پروین مسعود بھٹی،ایم پی اے فوزیہ ایوب قریشی،حسینہ ناز،چیئر مین بہاول پورویسٹ مینجمنٹ کمپنی سمیع اللہ چوہدری،چوہدری محمود مجید،میاں شاہد اقبال،عقیل نجم ہاشمی،بلال بلوچ،تابش الوری،اکمل بھٹی،میاں مقبول جوئیہ، میر خلیل الرحمن، فرغام اشتیاق،شہاب ثاقب،شاہد عبد اللہ چوہدری اور مسلم لیگی عہدیداران وکارکنان موجود تھے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ قوم یہ پوچھنے کا حق رکھتی ہے کہ اگر شہر بند ہونے سے ترقی ہوتی ہے تو پھر پورے ملک کے شہروں کو بند کر دینا چاہئے مگر ہمیں یاد رکھنا چاہئے کہ اگر شہر کھلے رہیں گے تو ترقی کا پہیہ رواں دواں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے حکومت کو 5سال کے لئے منتخب کیا ہے اور اس غیر یقینی صورتحال کے باعث تعمیر وترقی کا عمل متاثر ہو گا اور یہ عوام کا حق ہے کہ وہ اگلے انتخابات میں جسے چاہیں منتخب کریں۔۔بعد ازاں،گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ سے سرکٹ ہاؤس بہاول پور میں بہاول پور چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی۔علاوہ ازیں وفد نے میپکو کی جانب سے صنعتوں کو بجلی کی فراہمی اور لوڈ شیڈنگ میں کمی کے حوالہ سے درپیش مشکلات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

گورنر پنجاب

مزید : صفحہ آخر