جماعت اسلامی کا 30اکتوبر کو لاہور میں حکومت مخالف مارچ کا اعلان

جماعت اسلامی کا 30اکتوبر کو لاہور میں حکومت مخالف مارچ کا اعلان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی)جماعت اسلامی پاکستان نے 30اکتوبر کو لاہور میں حکومت مخالف مارچ کا اعلان کردیا ہے۔ّاے آر وائی نیوز کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے 30اکتوبر کو لاہور میں حکومت مخالف مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 26اکتوبر کو قانون دانوں کا اجلاس طلب کرلیا ہے،انہوں نے پریس کانفرنس خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم کے رویے اور وعدہ خلافیوں نے احتجاج پر مجبور کیا ہے،وزیر اعظم نواز شریف نے ٹی وی اور پارلیمنٹ میں اپنے آپ کو احتساب کیلئے پیش کرنے کا اعلان کیا لیکن بعد میں مکر گئے،حکومت احتساب کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بحران کے ذمہ دار نوازشریف اور ان کی ٹیم ہے جنہوں نے ہر معاملے کو مذاق سمجھا ۔ آج حکمرانوں کے ہاتھوں کے طوطے اڑے ہوئے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ عوام کو کس طرح مطمئن کریں ۔حالات کی درستگی کی کنجی وزیراعظم کے پاس ہے وہ ہمت کریں ، عدالتی کمیشن تشکیل دے دیں ،تمام بحرانوں کا حل نکل آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں ٹی او آرز طے ہو گئے تھے ۔ وزیراعظم نے دو مرتبہ قوم سے اور پارلیمنٹ میں خطاب کیا لیکن حکومت کی بد نیتی کی وجہ سے نتیجہ صفر رہا۔ انہوں نے کہاکہ 26 اکتوبر کی جیورسٹ کانفرنس کی روشنی میں ہم سپریم کورٹ اور پانامہ پیپر لیکس کے حوالے سے فاضل بنچ کے سامنے موقف رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس جانتے ہیں کہ حکمرانوں نے اداروں کو مفلوج کر دیا ہے ۔ قوم عدلیہ سے انصاف کی توقع رکھتی ہے اور وہاں سے ایسا فیصلہ آئے گا جو عوام کے لیے باعث اطمینان ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا کرپشن کے خاتمہ پر اصولی اتفاق ہے لیکن جمہوری قوتیں ایسا طرز عمل ہر گز اختیار نہ کریں کہ جس سے آئین ، آزاد عدلیہ اور جیوری عمل کے دروازے بند ہو جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ پیپر لیکس ، جوڈیشل کمیشن ، ٹی اوآرز ، کرپشن کے خاتمہ کے سلسلہ میں جماعت اسلامی اور اسلامک لائرز موومنٹ کے زیراہتمام 26 اکتوبر کو لاہور میں جیورسٹ کانفرنس ہوگی جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔ اس کانفرنس میں ملک کے ممتاز قانون دان ، آئینی ماہرین شریک ہوں گے ۔پریس کانفرنس میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر العظیم ، ذکر اللہ مجاہد ، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔

مزید :

صفحہ آخر -