2 نومبر کا دھرنا روکنے کی درخواست پر تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیاگیا
لاہور(نامہ نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہورہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کا 2 نومبر کا دھرنا روکنے کی درخواست پر تین رکنی فل بنچ تشکیل دے دیا ہے، سینئر ترین جج جسٹس شاہد حمید ڈار، جسٹس انوار الحق اور جسٹس قاسم خان پر مشتمل فل بنچ 26 اکتوبرکو درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست گزار معروف قانون دان اے کے ڈوگر ایڈووکیٹ نے لائیرز فاؤنڈیشن فار جسٹس کی جانب سے دائردرخواست میں تحریک انصاف کے 2نومبر کے اسلام آباد احتجاج کو روکنے کی استدعا کی ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 30ستمبر کو اپنی تقریر میں اسلام آباد بند کرنے کی دھمکی دی، جو غیر اخلاقی اور غیر قانونی ہے، عمران خان تھرڈ ایمپائر کے ذریعے حکومت گرانے کی مسلسل کوششیں کررہے ہیں۔