جسٹس اقبال حمید الرحمن کا استعفیٰ منظور نہ کیا جائے،وکلاء کا صدر سے مطالبہ

جسٹس اقبال حمید الرحمن کا استعفیٰ منظور نہ کیا جائے،وکلاء کا صدر سے مطالبہ

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے صدر مملکت سے مطالبہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ کے مسٹر جسٹس اقبال حمید الرحمن کا استعفیٰ منظور نہ کیا جائے ۔ہائی کورٹ بار نے فاضل جج سے بھی استعفیٰ واپس لینے کی اپیل کی ہے ۔ہائی کورٹ بار کے صدر رانا ضیاء عبدالرحمن اورسیکرٹری محمد انس غازی نے سپریم کورٹ کے جج مسٹر جسٹس اقبال حمید الرحمن کے استعفیٰ کی خبر پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاضل جج صاحب لاہور ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن، لاہور کے سیکرٹری کے عہدہ پر فائز رہے۔ وہ مرحوم جسٹس حمود الرحمن کے بیٹے ہیں۔ ان کے والد محترم کی دیانت اور ایمانداری ملک بھر کے عوام پر روز روشن کی طرح عیاں ہے۔ مسٹر جسٹس اقبال حمید الرحمن نے اپنے والد محترم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انصاف کے تقاضوں کو کبھی پس پشت نہیں ڈالا۔ وہ انتہائی ایماندار، قابل اور فرض شناس جج ہیں، ہم مسٹر جسٹس اقبال حمید الرحمن سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ اپنا استعفیٰ واپس لیں اس کے ساتھ صدر پاکستان سے مطالبہ ہے کہ وہ مسٹر جسٹس اقبال حمید الرحمن کا استعفیٰ قبول نہ کریں کیونکہ ان کا شمار قابل ، ایماندار اور اصول پرست ججوں میں ہوتا ہے۔

مزید : صفحہ آخر