حالات کی درستگی کی کنجی وزیراعظم کے پاس ہے، لیاقت بلوچ

حالات کی درستگی کی کنجی وزیراعظم کے پاس ہے، لیاقت بلوچ

لاہور(خبر نگار خصوصی)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بحران کے ذمہ دار نوازشریف اور ان کی ٹیم ہے جنہوں نے ہر معاملے کو مذاق سمجھا ۔ آج حکمرانوں کے ہاتھوں کے طوطے اڑے ہوئے ہیں اور انہیں سمجھ نہیں آرہی کہ عوام کو کس طرح مطمئن کریں ۔حالات کی درستگی کی کنجی وزیراعظم کے پاس ہے وہ ہمت کریں ، عدالتی کمیشن تشکیل دے دیں ،تمام بحرانوں کا حل نکل آئے گا۔ انہوں نے کہاکہ حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی میں ٹی او آرز طے ہو گئے تھے ۔ وزیراعظم نے دو مرتبہ قوم سے اور پارلیمنٹ میں خطاب کیا لیکن حکومت کی بد نیتی کی وجہ سے نتیجہ صفر رہا۔ انہوں نے کہاکہ 26 اکتوبر کی جیورسٹ کانفرنس کی روشنی میں ہم سپریم کورٹ اور پانامہ پیپر لیکس کے حوالے سے فاضل بنچ کے سامنے موقف رکھیں گے ۔انہوں نے کہاکہ چیف جسٹس جانتے ہیں کہ حکمرانوں نے اداروں کو مفلوج کر دیا ہے ۔ قوم عدلیہ سے انصاف کی توقع رکھتی ہے اور وہاں سے ایسا فیصلہ آئے گا جو عوام کے لیے باعث اطمینان ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا کرپشن کے خاتمہ پر اصولی اتفاق ہے لیکن جمہوری قوتیں ایسا طرز عمل ہر گز اختیار نہ کریں کہ جس سے آئین ، آزاد عدلیہ اور جیوری عمل کے دروازے بند ہو جائیں ۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ پیپر لیکس ، جوڈیشل کمیشن ، ٹی اوآرز ، کرپشن کے خاتمہ کے سلسلہ میں جماعت اسلامی اور اسلامک لائرز موومنٹ کے زیراہتمام 26 اکتوبر کو لاہور میں جیورسٹ کانفرنس ہوگی جس کی صدارت امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کریں گے ۔ اس کانفرنس میں ملک کے ممتاز قانون دان ، آئینی ماہرین شریک ہوں گے ۔پریس کانفرنس میں ڈاکٹر فرید احمد پراچہ ، امیر العظیم ، ذکر اللہ مجاہد ، ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور قیصر شریف بھی موجود تھے ۔

لیاقت بلوچ

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...