ہمیں ملکر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے، آصفہ بھٹو
کراچی (اسٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادی اوراقوام متحدہ کی پاکستان میں پولیو کے خاتمہ کی سفیر آصفہ بھٹوزرداری نے پولیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ ہمیں ملکر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے، انہوں نے انسداد پولیو کے عالمی دن کے موقع پر پولیو کے خاتمے کیلئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کا مشن جاری رکھنے کا عہد کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیو کے عالمی دن کے موقع پر آصفہ بھٹو زرداری نے قوم کے نام آڈیو پیغام میں کہاکہ ہمیں ملکر پولیو کا خاتمہ کرنا ہے، پولیو ویکسین کے دو قطرے دو مرتبہ ہر بچے کو پلائیں، ہم پولیو کے خاتمے کے بہت قریب ہیں، ہم سب کی کوششوں سے پولیو کیسزمیں نمایاں کمی آئی ہے۔آصفہ بھٹو نے کہا کہ ہمارے لئے ایک پولیو کیس بھی بہت زیادہ ہے، ہمیں پولیو کیسز کی تعداد صفر تک لیکر جانی ہے، اس طرح ہم اپنے بچوں اور ملک کو پولیو سے پاک رکھ سکتے ہیں۔