کوکا کولا پاکستان روٹری کے ذمہ دار کاروبار پارٹنر ایوارڈ کیلئے منتخب
کراچی (اسٹاف رپورٹر ) بین الاقوامی فلاحی ادارے روٹری انٹرنیشنل نے کوکا۔کولا پاکستان کو 'ذمہ دار کاروبار روٹری پارٹنر ایوارڈ ' (Rotary Responsible Business Partner)کے لئے منتخب کرلیا ہے۔ یہ ایوارڈ پاکستان میں پولیو کے خاتمے کی روٹری مہم میں تعاون کے اعتراف میں نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کی عمارت میں روٹری ڈے پر دیا جائے گا۔ کوکا۔کولا پاکستان اس اعزاز کو پانے والے ان دو اداروں میں شامل ہے جنہیں دنیا بھر کے 20 اداروں میں سے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ پاکستان میں کوئی کمپنی پہلی بار اس ایوارڈ کے لئے منتخب ہوئی ہے۔اس ایوارڈ کے بارے میں کوکا۔کولا پاکستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے کہا، 'یہ ایوارڈ ایک بڑا اعزاز ہے اور کوکا۔کولا کے فلسفے کی توثیق ہے کہ کاروبار صرف اسی وقت مستحکم ہوتا ہے جب اس میں کام کرنے والے مقامی لوگ مستحکم ہوتے ہیں ۔ رواں سال پولیو کے متاثرہ افراد کی تعداد میں گزشتہ سال کے مقابلے میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یہ ایک بہت بڑی کاوش ہے جس میں قومی و بین الاقوامی سطح پر بہت سے ادارے، افراد، رضاکار اور پولیو ہیلتھ کیمپ ورکرز نے حکومت پاکستان سے تعاون کے لئے انتھک کام کیا ہے۔' روٹری کے نیشنل پولیو پلس کمیٹی چیئر برائے پاکستان کے عزیز میمن نے بتایا، 'دنیا 99 فیصد پولیو سے پاک ہے۔ ہم پولیو کے بالکل خاتمے کے قریب ہیں، اسے ختم کرنے کے لئے عالمی رہنماؤں کے تعاون کی ضرورت ہے۔ یہ ہدف پہلے کبھی اتنا قریب نہیں رہا یا پھر پولیو کے دوبارہ پھیلاؤ کے ممکنہ نتائج کا سامنا کریں جو ایک دہائی کے دوران لاکھوں بچوں کو معذور کرسکتا ہے۔ ہم انتہائی پرامید ہیں کہ مشکلات ہمارا راستہ نہیں روک پائیں گی اور پاکستان جلد پولیو سے پاک ہوجائے گا۔ ' نیویارک میں واقع اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں روٹری ڈے کا انعقاد سال میں ایک بار ہوتا ہے۔ اس اہم ترین تقریب میں 1500 سے زائد روٹری ممبرز، اقوام متحدہ کے حکام، فلاحی اداروں کے رہنما اور دیگر مہمان شریک ہوتے ہیں۔ ان کی شرکت کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ انسانیت کو درپیش مشکلات سے آگہی ہو اور ان پر تبادلہ خیال کیا جائے جبکہ روٹری کے مثبت کاموں کی اہمیت کا اعتراف کیا جائے جس میں وہ کوکا۔کولا پاکستان اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر دنیا بھر میں کام کررہی ہے۔ اس سال کی تقریب کے موضوع میں معاشی و کمیونٹی ڈیولپمنٹ پر توجہ دی جائے گی جس کا عنوان 'ذمہ دار کاروبار، پائیدار معاشرے ہے۔