خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس

خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس

پشاور( سٹاف رپورٹر )خیبر پختونخوا اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے شاہ منصور ٹاؤن صوابی میں پلاٹوں کی الاٹمنٹ میں بے قاعدگیوں کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ، سیکرٹری پی اے سی اور محکمہ قانون پر مشتمل جائنٹ کمیٹی تشکیل دی ہے جو اپنی انکوائری رپورٹ پندرہ دن تک پیش کرے گی ۔پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس سپیکر اسد قیصر کی زیر صدارت صوبائی اسمبلی کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا ۔اجلاس میں ممبران کمیٹی محمود خان بھیٹنی ،قربان علی خان ،محمود جان ،مفتی سید جانان اور ارباب وسیم حیات خان کے علاوہ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،پراجیکٹ ڈائریکٹر شاہ منصور ٹاؤن صوابی ،سیکرٹری اسمبلی آمان اللہ خان ،ایڈیشنل سیکرٹری پی اے سی امجد علی کے علاوہ محکمہ قانون اور فنانس سمیت دیگرمتعلقہ حکام اور متاثرین پلاٹس نے شرکت کی۔اجلاس میں شاہ منصور ٹاؤن صوابی کی جانب سے لوگوں کو الاٹ کئے گئے پلاٹس پر تفصیلی بحث کی گئی ۔متاثرین نے الزام عائد کیا کہ ان کو الاٹ کئے گئے پلاٹس جن کی قیمتیں محکمہ وصول کر چکا ہے ان کو بلاجواز منسوخ کیا گیا ہے ۔جبکہ دوسری جانب محکمہ کی جانب سے ایک ہی پلاٹ کو ایک سے زائد افراد کو الاٹ کرکے پلاٹوں کے مالکان کو عجیب مشکلات سے دوچار کیا گیا ہے۔کمیٹی کو محکمہ کی طرف سے بتایا گیا کہ کچھ پلاٹس کے بارے میں کیسزعدالتوں میں ہیں اور اس ضمن میں عدالتی احکامات کا انتظار کیا جارہا ہے جبکہ کچھ پلاٹس ایسے ہیں جن کے بارے میں مجاز اتھارٹی سے منظوری نہیں لی گئی ۔کمیٹی نے فریقین کا موقف سننے کے بعد ایک جائنٹ کمیٹی تشکیل دی جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ،سیکرٹری پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور محکمہ قانون کے حکام شامل ہوں گے ۔ سپیکرنے مذکورہ کمیٹی کو ہدایت کی کہ جو کیسزعدالتو ں میں ہیں ان کے علاوہ ایسے کیسز جن کی مجاز اتھارٹی سے منظوری کی ضرورت ہے یا کوئی معمولی رکاوٹ ہے ان کے بارے میں مکمل تحقیقات کرکے ایک جامع رپورٹ پندرہ دن کے اندر پیش کی جائے تاکہ حقدارپلاٹ مالکان کو پلاٹس کی الاٹمنٹ ممکن بنائی جاسکے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر جو کہ کمیٹی کے چیئر مین بھی ہیں نے کہا کہ اس ضمن میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کرنے کا مقصد صرف یہ ہے کہ عوام کو ذہنی کوفت سے نجات دلاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیاکیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ حقیقی الاٹیوں کو ضرور ان کا حق دلایا جائیگا ۔سپیکرنے مزید کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ شاہ منصور ٹاؤن شپ صوابی کامیابی سے چلے اور عوام پر اپنا اعتماد بحال کرنے میں کامیاب ہو۔انہوں نے کہا کہ ضلع صوابی کیلئے یہ ایک اچھا پراجیکٹ ہے اور ہم سب باہم مل کراس کی ترقی کے لئے کام کریں گے ۔

مزید : پشاورصفحہ اول