آئی ایم ایف نے ن لیگ کے دعوؤں کی قلعی کھول دی، عاجزدھامرا

آئی ایم ایف نے ن لیگ کے دعوؤں کی قلعی کھول دی، عاجزدھامرا

کراچی(اسٹاف رپورٹر )پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر عاجز دھامرا، ڈاکٹر کریم خواجہ اور انجینئر گیان چند نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان میں مہنگائی اور افراط زر میں اضافے کے حوالے سے دیئے جانے والے بیان نے ن لیگ کے ان دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے جن میں پاکستان کی معیشت کو دنیا کی تیزی سے ترقی کرنے والی مستحکم معیشت گرادنا جاتا رہا ہے۔ پی پی پی میڈیا سیل سندھ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے مطابق جون 2017ء تک ملک میں افراط زر کی شرح 2.9 فیصد سے بڑھ کر 5.2 فیصد ہوجائے گی۔ جس کا عام الفاظ میں یہی مطلب نکلتا ہے کہ مزدور سے لیکر سفید پوش ملازمین کی کمائی نصف ہوجائے گی جس کا سب سے زیادہ شکار مڈل کلاس طبقہ ہوگا۔ افراط زر میں اضافے سے روپے کی قدر میں پچاس فیصد تک کمی جبکہ اجناس کی قیمتوں میں پچاس فیصد تک اضافہ ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مسلسل حکومت کے معیشت سے متعلق دعوؤں کی نفی کرتی چلی آرہی ہے جبکہ حکومت اور میڈیا مسلسل اسٹاک ایکس چینج میں تیزی کو معیشت کے استحکام سے تعبیر کرتے چلے آئے ہیں جس کا پول آئی ایم ایف نے خود کھول دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مسلمہ اصول ہے کہ قرض دار ریاستیں اور حکومتیں کبھی بھی مسلم معیشت کی منزل کے قریب بھی نہیں آتی ہیں جبکہ پاکستان اس وقت 70ارب ڈالر کا مقروض ہے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر