اسکاٹ لینڈ،پتنگ سے سینکڑوں میگاواٹ بجلی بنانے کا منصوبہ
اسکاٹ لینڈ(مانیٹرنگ ڈیسک)پتنگ بازی کا شوق بہت خطرناک ہے اور بعض مرتبہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتا ہے لیکن اسکاٹ لینڈ کی ایک کمپنی پتنگوں ہی کی مدد سے بجلی بنانے کے ایک منصوبے پر کام کررہی ہے اور اس وقت صرف ایک پتنگ سے 3 میگاواٹ تک بجلی بنانے میں کامیاب بھی ہوچکی ہے۔اس کمپنی کو امید ہے کہ 2025 تک اس اچھوتے طریقے کی بدولت سینکڑوں میگاواٹ بجلی بنائی جاسکے گی۔ پتنگ سے بجلی بنانے کا تصور نسبتاً نیا ضرور ہے لیکن اصول وہی پرانا ہے جس سے ہر پتنگ باز بخوبی واقف ہے۔ ڈور سے بندھی ہوئی پتنگ جیسے جیسے ہوا کے زور سے بلند ہوتی ہے، ویسے ویسے ڈور والی چرخی بھی (پتنگ کی قوت کے باعث) گھومنے لگتی ہے۔ کائٹ پاور سولیوشنز کے ماہرین نے یہی اصول تھوڑی سی ترمیم کے ساتھ استعمال کیا ہے۔انہوں نے ایک ہلکی لیکن مضبوط ڈور کے دونوں سروں پر یکساں جسامت والی 2 بڑی پتنگیں باندھیں جن کی شکل پیراشوٹ جیسی تھی۔ پتنگوں کو جوڑنے والی ڈور، زمین پر رکھے ایک ٹربائن (چرخی) میں سے چکر کاٹتی ہوئی گزر رہی تھی۔ دونوں پتنگیں ایک ساتھ اڑائی گئیں۔ جب ایک پتنگ پر ہوا کا زور زیادہ ہوتا تو وہ زیادہ اونچا اْڑنے کی کوشش کرتی لیکن مخالف پتنگ کو کھینچ کر نیچے کردیتی۔ اسی طرح جب دوسری پتنگ پر ہوا کا زیادہ زور پڑتا تو وہ خود تو زیادہ اونچی ہوجاتی لیکن پہلی پتنگ کو کھینچ کر نیچے کردیتی۔ یوں پتنگوں کے درمیان کھینچا تانی کا سلسلہ چلتا رہتا جس کی وجہ سے زمین پر لگی ہوئی ٹربائن بھی بار بار گھومتی رہتی اور ٹربائن کے گھومنے سے بجلی پیدا ہوتی رہتی۔