ورلڈ پولیو ڈے، سیمینار تقاریب کا انعقاد ٹیموں پر حملوں کی مذمت

ورلڈ پولیو ڈے، سیمینار تقاریب کا انعقاد ٹیموں پر حملوں کی مذمت

ملتان (سٹاف رپورٹر ،وقائع نگار،سٹی رپورٹر)بہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے وائس چانسلر پروفیسر ڈا کٹر طاہر امین نے بہاء الدین زکریایونیورسٹی اور روٹری کلب ملتان کینٹ کے اشتراک سے منعقدہ ورلڈ پولیو ڈ ے سیمینار اور واک سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فا ٹا اور بلوچستان میں پولیو پر حملے غیرقانونی اور غیرشرعی ہیں اور ہم اس کی پرزور مذمت کرتے ہیں . انہو ں نے کہا کہ عالمی ایام کو منانے کا مقصد ان کی اہمیت و افادیت(بقیہ نمبر34صفحہ7پر )

سے عوام کو آگاہ کرنا ہے . انہوں نے کہا کہ جدید تحقیق کا یہ ثمرہے کہ آج دنیا پولیو فری ہوچکی ہے . پاکستان اور افغا نستان میں اس کا کچھ حصہ باقی ہے جس کی وجہ ہمارے قبا ئلی نظام میں پولیو ویکسین سے متعلق موجود خدشات ہیں. وائس چانسلر نے کہا کہ اب میڈیا کمپین اور تعلیمی نظام میں بہتری کے ساتھ ساتھ امن کی بحالی سے ہم توقع کرسکتے ہیں کہ جلد پاکستان بھی پولیو فری نظر آئے گا. وائس چانسلر نے کہاکہ بہاء الدین زکریایونیورسٹی تعلیم و تحقیق کے میدان میں گراں قدر ترقی کررہی ہے جس کا ثبوت ورلڈ رینکنگ کی پہلی 900 یونیورسٹیوں میں زکریایونیورسٹی کی شمولیت ہے. ڈائریکٹر انسٹی ٹیوٹ آف فوڈ سائنسز ڈاکٹر سعید اختر ، صدر روٹری کلب ملتان کینٹ اسد ممتاز نے کہاکہ روٹری انٹرنیشنل دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کی مہم سے 1985 سے چلارہی ہے.اور 1985 میں ہر روز دنیا میں 1000 پولیو کیسز رپورٹ ہورہے تھے. آج 2016 میں اب تک محض 27 پولیو کیسز سامنے آئے ہیں . جن میں 15 پاکستان میں جبکہ 12 افغانستان میں رپورٹ ہوئے ہیں . جبکہ پنجاب میں اس سال اب تک کوئی کیس سامنے نہیں آیا. روٹری کلب کے چارٹر صدر سلمان مبارک نے بتایا کہ پولیو ویکسین کی مفت فراہمی نے دنیا کو پولیو فری کر دیا ہے. اور بہت جلد پاکستان سے بھی پولیو کا خاتمہ ہو جا ئے گا.چیئرمین میڈیا سٹڈیز پروفیسر ڈاکٹر شبیر بلوچ. روٹر ی کلب زکریایونیورسٹی کی صدر سعدیہ فاروق نے نوجوان طلباء طالبات پر مشتمل اپنے کلب کی طرف سے پولیو کے خاتمے کی مہم میں کی جانے والی کوششوں پر روشنی ڈالی.انہو ں نے پولیو مہم کے سلسلے میں پیٹر جارج لیوس کی پینٹنگ فروخت کے لیے پیش کی جسے سلمان مبارک نے خرید کیا.اس موقعہ پر وائس چانسلر نے پولیو خاتمے کی مہم کے لیے 100 ڈالر کا اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالقدوس صہیب اور ڈاکٹر سعید اختر نے 50,50 ڈالر کا عطیہ دیا ۔عالمی یوم برائے انسداد پولیو گزشتہ روز24اکتوبر2016بروز سوموار کو منایا گیا ہے۔روٹری کلب میٹرو پولیٹن کے صدر شیخ محمد علی نے کہا ہے کہ پولیو کے آخری کیس کے خاتمے تک روٹری جدوجہد جاری رکھے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف سدرن پنجاب مین کیمپس کے اشتراک سے روٹریکٹ کلب میٹروپولیٹن کے زیر اہتمام پولیو کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر منعقدہ آگہی واک کے اختتام پر الیکٹرانک میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا واک میں وحید ظفر، محمد یونس غازی، فیاض انور ملک، صدر روٹریکٹ کلب منہدسلمان، ڈائر یکٹر انسٹی ٹیوٹ مریم حبیب، ڈائریکٹر جنرل ثاقب نذیر ، واجد رضا، حسیب خاکوانی، سید شمس الحق، عزیمہ رضا، طحہ سومان، نغمان خان، فاروق خان، اسامہ اشتاق، عمر شاہ سمیت طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ملتان کریسنٹ لائنز کلب کے صدر ڈاکٹر نثار احمد چوہدری اور سوسائٹی فار سپیشل پرسنز کی صدر زاہد حمید قریشی نے کہا ہے کہ پولیو خطرناک بیماری ہے جوکہ ہماری ملک کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے پولیو کے خاتمے کیلئے معاشرے کے ہرفرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔اس موقع پر میاں جاوید اقبال،سعید اللہ خان،احمد سعید،الیاس محمود،منیر وسیم ، سیف اللہ اور پولیو کلب کے ممبران نے شرکت کی۔

پولیو

مزید : ملتان صفحہ آخر