سانحہ کوئٹہ:وکلاءنے ملک بھر میں ہڑتال کی کال دے دی
لاہور(نامہ نگارخصوصی)پاکستان بار کونسل نے سانحہ کوئٹہ کے خلاف بدھ 26اکتوبر کو ملک بھر میں ہرتال کا اعلان کر دیاہے۔ پنجاب بار کونسل نے بھی وکلاءکو ہڑتال کی کال دے دی ہے ،پاکستان بار کونسل کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطا بق سانحہ کوئٹہ کے خلاف بروز بدھ ملک بھر میں وکلاءہرتال کریں گے ،بارز روم پر سیاہ پرچم لہرائے کر احتجاجی اجلاس منعقد کئے جائیں گے۔
وکلاء بازووں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کرینگے۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئر مین ڈاکٹر محمدفروغ نسیم نے سانحہ کوئٹہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار تعزیت اور زخمی ہونے والوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت شہریوں کی جان و مال کی خاطر خواہ اقدامات کرے۔ علاوہ ازیں پنجاب بار کونسل نے بھی پاکستان بار کونسل کی اپیل پر سانحہ کوئٹہ کے خلاف آج بروز بدھ ملک بھر میں ہرتال کا اعلان کر دیا ہے ۔اس سلسلے میں پنجاب بار کونسل کے وائس چیئرمین چودھری محمد حسین، چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی ممتاز مصطفی، ممبر پنجاب بار رانا انتظار سمیت دیگر کی طرف سے جاری مراسلے میں کہا گیاہے کہ کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ پر دہشت گردوں کے حملے اور زیر تربیت اہلکاروں کی شہادت پر پوری وکلاءبرادری سوگ میں مبتلا ہے اور شہداءکے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، مراسلے میں کہا گیا ہے کہ حکومت دہشت گردی قابو کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، سانحہ کوئٹہ کے خلاف وکلاءبرادری آج 26اکتوبر کوپنجاب بھر میں ہڑتال کرے گی ۔وکلاءپنجاب بھر کی سیشن کورٹس، سول کورٹس اور دیگر ضلعی عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے جبکہ ضلعی بار ایسوسی ایشنوں میں احتجاجی سیمینار بھی منعقد کئے جائیں گے ۔