سانحہ کوئٹہ میں جس کی کوتاہی ہوئی بھرپور کارروائی کریں گے ،عمران خان عدلیہ کے فیصلے کا انتظار اور اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے گریز کریں:ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

سانحہ کوئٹہ میں جس کی کوتاہی ہوئی بھرپور کارروائی کریں گے ،عمران خان عدلیہ ...
سانحہ کوئٹہ میں جس کی کوتاہی ہوئی بھرپور کارروائی کریں گے ،عمران خان عدلیہ کے فیصلے کا انتظار اور اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے گریز کریں:ڈاکٹر طارق فضل چوہدری

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ میں جس کی بھی کوئی کمی کوتاہی ہوئی یا کوئی سیکیورٹی لیپس ہوا تو اس کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی، عمران خان اداروں کا احترام اور عدلیہ کے فیصلے کا انتظار کریں اور اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے گریز کریں جو ایک سیکیورٹی رسک بھی ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کوئٹہ واقعہ پر دلی افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانحے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک اور شہدا کے بلندی درجات کے لیے دعا گو ہیں،وزیراعظم نے چوہدری نثار علی کی نگرانی میں واقعے کی تحقیقات کاحکم جاری کردیا ہے ،جس کی بھی کوئی کمی کوتاہی ہوئی یا کوئی سیکیورٹی لیپس ہوا تو اس کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے تو آئینی و جمہوری حقوق کی بات کرتے ہیں لیکن انہیں معلوم ہونا چاہیے کہ اسلام آباد جسے وہ بند کرنے کی باتیں کر رہے ہیں اس کے شہریوں کے بھی آئینی و جمہوری حقوق ہیں جنہیں وہ سلب کرنے جا رہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت پاناما معاملے کو کلیر کرنا چاہتی ہے اور اس میں سنجیدہ بھی ہے کیونکہ ہم 2018ء کے انتخابات میں جانے سے پہلے اس معاملے کو خود ہی کلیر کرنا چاہتے ہیں تا کہ عوام کے سامنے سرخرو ہوں، اس معاملے کے کلیر ہونے کے لیے سپریم کورٹ آف پاکستان ہی بہترین فورم ہے جہاں کیس موجود ہے اس لیے عدلیہ جو فیصلہ بھی کرے گی ہمیں قبول ہوگا، عمران خان کو بھی چاہیے کہ اداروں کا احترام ،عدلیہ کے فیصلے کا انتظار اور اسلام آباد پر دھاوا بولنے سے گریز کریں ،جو ایک سیکیورٹی رسک بھی ہے۔

مزید : اسلام آباد